وشو ہندو پریشد کے اعتراضات کے بعد دہلی پولیس نے منور فاروقی کے پروگرام کی منظوری کو مسترد کر دیا

نئی دہلی، اگست 27: انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق دہلی پولیس نے جمعہ کے روز مزاحیہ اداکار منور فاروقی کے ایک پروگرام کی اجازت مسترد کر دی، جو شہر میں 28 اگست کو ہونا تھا۔

یہ پیش رفت اس کے ایک دن بعد ہوئی ہے، جب وشو ہندو پریشد نے دہلی پولیس کمشنر سنجے اروڑا کو خط لکھ کر پروگرام کے لیے دی گئی اجازت کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اجازت منسوخ نہ کیے جانے کی صورت میں تنظیم نے بجرنگ دل کے ساتھ مل کر احتجاج کا بھی انتباہ دیا تھا۔

23 اگست کو پولیس کی لائسنسنگ برانچ نے ڈاکٹر ایس پی ایم، کیدارناتھ ساہنی آڈیٹوریم میں پروگرام کی اجازت دی تھی۔ تاہم جوائنٹ کمشنر آف پولیس (لائسنسنگ برانچ) او پی مشرا نے کہا کہ حکام کو مقامی ضلعی پولیس سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد اجازت مسترد کر دی گئی۔

ایک نامعلوم پولیس اہلکار نے اخبار کو بتایا کہ ’’مقامی پولیس نے ایک انکوائری کی اور اپنی رپورٹ لائسنسنگ برانچ کو پیش کی، جس میں انھوں نے انھیں بتایا کہ اس پروگرام سے علاقے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہوگی اور انھیں اس کی اجازت منسوخ کر دینی چاہیے۔‘‘

اہلکار نے مزید کہا کہ لائسنسنگ برانچ نے پھر منتظمین کو خط لکھ کر اجازت کی منسوخی کے بارے میں مطلع کیا۔

جمعرات کو وشو ہندو پریشد کی دہلی یونٹ کے صدر سریندر کمار گپتا نے پولیس کو لکھے خط میں دعویٰ کیا تھا کہ فاروقی اپنے شو میں ’’ہندو دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں، بھاگیہ نگر [حیدرآباد] میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوگئی۔‘‘

حیدرآباد میں پیر کے روز بڑے پیمانے پر احتجاج اس وقت شروع ہوا جب معطل بھارتیہ جنتا پارٹی رہنما ٹی راجہ سنگھ نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کیا، جس میں انھوں نے بی جے پی کی معطل ترجمان نپور شرما کے پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز تبصروں کو دہرایا۔

سنگھ نے، جسے جمعرات کو حراست میں لیا گیا تھا، دعویٰ کیا کہ اس نے 20 اگست کو حیدر آباد میں فاروقی کے پروگرام کے ردعمل میں ایک مزاحیہ ویڈیو پوسٹ کیا تھا۔

ماضی میں کئی بار ہندوتوا گروپوں کے دباؤ کے بعد منور فاروقی کے شوز منسوخ کیے جا چکے ہیں۔

19 اگست کو بنگلورو میں فاروقی کا ایک پروگرام آخری وقت میں منسوخ کر دیا گیا۔

پچھلے سال کے دوران فاروقی کے شو بنگلورو، گروگرام، رائے پور، سورت، احمد آباد، وڈودرا، گوا اور ممبئی میں منسوخ کیے گئے ہیں۔