جموں و کشمیر: صحافی فہد شاہ کے خلاف گذشتہ 37 دنوں میں دوسری بار یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا
نئی دہلی، مارچ 12: کشمیری صحافی فہد شاہ کے خلاف گذشتہ 37 دنوں میں دوسری بار غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان کے وکیل عمیر رونگا نے جمعہ کو اس کی خبر دی۔ فہد شاہ نیوز پورٹل دی کشمیر والا کے چیف ایڈیٹر ہیں۔
عمیر نے یہ بھی کہا کہ صحافی کو جمعہ کو سری نگر میں نیوز پورٹل کے خلاف مئی 2020 میں درج ایک مقدمے میں پانچ دن کے لیے پولیس کی تحویل میں دیا گیا تھا۔
فہد شاہ کو شوپیان کی ایک عدالت سے انہیں ایک الگ معاملے میں ضمانت ملنے کے چند گھنٹے بعد 5 مارچ کو سری نگر کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ایک ماہ سے کچھ زائد عرصے میں یہ تیسرا موقع تھا جب اسے گرفتار کیا گیا تھا۔
قبل ازیں 4 فروری کو پلوامہ پولیس نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر ملک مخالف مواد پوسٹ کرنے کے الزام میں فہد شاہ کو گرفتار کیا تھا اور UAPA الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی عدالت نے 22 دن بعد انھیں ضمانت دی تھی۔
تاہم ضمانت ملنے کے چند گھنٹوں بعد شاہ کو شوپیان پولیس نے اس معاملے میں 26 فروری کو دوبارہ گرفتار کر لیا۔ 5 مارچ کو اسے دوسرے کیس میں بھی ضمانت مل گئی تھی، لیکن اس کے فوراً بعد اسے اس کیس کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا تھا جس کے لیے اب اسے پولیس کی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
اس معاملے میں شاہ پر تعزیرات ہند کی دفعہ 147 (ہنگامہ آرائی)، 307 (قتل کی کوشش)، 109 (اکسانے)، 501 (چھاپنا یا کندہ کاری) اور 505 (عوامی فساد) کے تحت بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
ایک بیان میں دی کشمیر والا نے کہا کہ شاہ کی قانونی ٹیم جلد ہی ان کی رہائی کے لیے ایک اور ضمانت کی درخواست دائر کرے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’کشمیر والا ٹیم عدلیہ اور قانون کی بالادستی پر اعتماد کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ٹیم مشکل کی اس گھڑی میں فہد اور اس کے خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ہم منوج سنہا کی زیر قیادت جموں و کشمیر انتظامیہ سے فہد کی فوری رہائی کے لیے اپنی اپیل کا اعادہ کرتے ہیں۔‘‘
5 فروری کو جموں و کشمیر پولیس نے کہا تھا کہ فہد شاہ ’’دہشت گردی کی ترغیب دینے، جعلی خبریں پھیلانے اور امن و امان کی خرابی کی صورت حال پیدا کرنے کے لیے عام لوگوں کو اکسانے‘‘ کے تین مقدمات میں مطلوب ہے۔
6 فروری کو ایڈیٹرز گلڈ سمیت کئی پریس باڈیز نے مطالبہ کیا تھا کہ شاہ کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ایڈیٹرز گلڈ نے یونین ٹیریٹری کے حکام سے کہا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایف آئی آر، دھمکی آمیز پوچھ گچھ اور غلط نظر بندی کو پریس کی آزادی کو دبانے کے آلے کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔