جھارکھنڈ: ایک چار دن کے بچے کو کچل کر ہلاک کرنے کے الزام میں چھ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا

نئی دہلی، مارچ 23: جھارکھنڈ کے گریڈیہہ ضلع میں جمعرات کو چھ پولس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جب یہ سامنے آیا کہ ایک چھاپے کے دوران ایک چار دن کے بچے کو مبینہ طور پر انھوں نے اپنے جوتوں کے نیچے کچل کر ہلاک کر دیا تھا۔

ان اہلکاروں کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچے کی تلی پھٹ جانے کی حقیقت سامنے آنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔

ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق بدھ کے روز ایک پولیس ٹیم نے کوشوڈنگی گاؤں میں ایک ملزم شخص، جس کی شناخت بھوشن پانڈے کے نام سے کی گئی، کے گھر پر چھاپہ مارا اور مبینہ طور پر اس کے پوتے پر حملہ کیا جو ایک کمرے میں سو رہا تھا۔

شکایت میں بچے کے والد نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے اس کے بیٹے کو کچلنے کے بعد خاندان کو اس واقعے کو ظاہر نہ کرنے کی تنبیہ کی۔

وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے بدھ کے روز اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا جب سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں پانڈے کو یہ دعویٰ کرتے ہوئے سنا گیا تھا کہ پولیس نے اس کے گھر پر چھاپہ مارا اور زبردستی دروازہ کھولا اور گھر کی تلاشی کے دوران شیر خوار بچے کو اپنے پیروں تلے روند دیا۔

گریڈیہہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امت رینو نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 304 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

رینو نے کہا ’’کیس کی تحقیقات جاری رہیں گی۔ اگر ضرورت پڑی تو ایف آئی آر میں مزید دفعات شامل کی جا سکتی ہیں اور اس کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔‘‘