ترکیہ میں تباہ کن زلزلہ : ہندوستان نے بڑھایا مدد کا ہاتھ،امدادی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ
ہندوستان کی طرف سے این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں روانہ کی جا رہی ہیں۔ ساتھ ہی دواؤں اور راحتی اشیا کا ذخیرہ بھی بھیجا جا رہا ہے
نئی دہلی ،06 فروری :۔
ترکی میں تباہ کن زلزلے سے پوری دنیا محو حیرت ہے ،ترکی سے ہمدردی کا اظہار کر رہی ہے ۔ہندوستان نے بھی ترکی کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کے لئے ہاتھ بڑھایا ہے ۔تباہ کن زلزلے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ ہلاک ہوئے اور سینکڑوں زخمیوں کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ اس درمیان ترکیہ کو زلزلہ سے نمٹنے کے لیے ہندوستان نے بھی اپنی مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں روانہ کی جا رہی ہیں۔ ساتھ ہی دواؤں اور راحتی اشیا کا ذخیرہ بھی بھیجا جا رہا ہے۔ راحتی اشیا بھیجنے سے متعلق پیر کو پی ایم او (وزیر اعظم دفتر) میں اہم میٹنگ ہوئی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے اس آفت میں ترکیہ کی ہر ممکن مدد کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے بعد وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا نے فوری راحتی ترکیبوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ساؤتھ بلاک میں ایک میٹنگ کی۔ میٹنگ میں یہ طے کیا گیا کہ این ڈی آر ایف کے بچاؤ دستہ کے ساتھ ہی طبی ٹیم راحتی سامان کے ساتھ فوراً ترکیہ بھیجی جائے گی ۔
ہندوستان کی طرف سے بھیجی جا رہی ٹیم میں خصوصی طور سے تربیت یافتہ ڈاگ اسکواڈ اور ضروری سامان کے ساتھ 100 اہلکاروں والی این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں تلاشی اور بچاؤ کام کے لیے زلزلہ متاثرہ علاقے میں جانے کے لیے تیار ہیں۔ ضروری ادویات، تربیت یافتہ ڈاکٹرس اور پیرامیڈکس کے ساتھ میڈیکل ٹیمیں بھی تیار کی جا رہی ہیں۔میٹنگ میں کابینہ سکریٹری، وزارت داخلہ، این ڈی ایم اے، این ڈی آر ایف، دفاع، وزارت خارجہ، شہری ہوا بازی اور صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے نمائندوں نے شرکت کی۔