بھارت نے سورج کا مطالعہ کرنے کے لیے اپنا پہلا مشن شروع کیا

نئی دہلی، ستمبر 2: انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن نے ہفتے کے روز سورج کا مطالعہ کرنے کے لیے اپنا پہلا مشن شروع کیا ہے۔

آدتیہ-L1 خلائی جہاز صبح 11.50 بجے سری ہری کوٹا کے ستیش دھون خلائی مرکز سے روانہ ہوا۔

اسے چار مہینوں میں زمین سے تقریباً 15 لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور پھر اسے لگرینج پوائنٹ 1 کے گرد ایک مدار میں رکھا جائے گا، جسے سورج کے قریب ترین تصور کیا جاتا ہے۔

ہفتہ کو جاری اس مشن کے بڑے مقاصد میں کورونل ہیٹنگ کے مسئلے کو سمجھنا اور ان شمسی ہواؤں کا مطالعہ کرنا شامل ہے، جو زمین پر خلل پیدا کر سکتی ہیں۔

جگ دیو سنگھ نے، جن کی ابتدائی کوششوں نے آدتیہ-L1 خلائی جہاز کے بنیادی پے لوڈ کی ترقی میں مدد کی، لانچ سے قبل ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ وہ مشن کی کامیابی کو لے کر پراعتماد ہیں۔

بنگلورو کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایسٹرو فزکس کے پروفیسر نے مزید کہا ’’ہم منفرد ڈیٹا کی توقع کر رہے ہیں۔ اب تک کوئی بھی سورج کا مسلسل ڈیٹا حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا ہے، لیکن ہم اسے کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔‘‘