بھارت جنگ کبھی جنگ نہیں چاہتا، لیکن ہر طرح کے مقابلے کے لیے تیار ہے: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ

نئی دہلی، جنوری 3: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو اروناچل پردیش میں کہا کہ ہندوستان جنگ میں یقین نہیں رکھتا لیکن سامنے آنے والے کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔

سنگھ نے یہ بیان سیانگ ضلع کے بولینگ قصبے میں بارڈر روڈز آرگنائزیشن پل کا افتتاح کرتے ہوئے دیا۔ یہ بیان اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ کے تقریباً ایک ماہ بعد آیا ہے۔

وزیر دفاع نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے کہے گئے اس بیان کا حوالہ دیا کہ موجودہ دور جنگ کا نہیں ہے۔ سنگھ نے کہا ’’اس بیان کے ذریعے وزیر اعظم نے ملک کے اس عزم کی جانب دنیا کو توجہ دلائی ہے۔ ہم جنگ پر یقین نہیں رکھتے۔ لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘

وزیر دفاع نے کہا کہ ’’اپنی پوری تاریخ میں بھارت نے کبھی جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی کسی دوسرے ملک کے ایک انچ علاقے پر قبضہ کیا۔ لیکن اگر کوئی ہماری امن پسند فطرت کو ہماری کمزوری سمجھتا ہے، تو میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ہم نہ صرف امن کی عبادت کرتے ہیں، بلکہ طاقت کے بھی پجاری ہیں۔‘‘

سنگھ نے کہا کہ بدلتی ہوئی دنیا اور ملکوں کے بدلتے مفادات کے تناظر میں ہر قوم کو خود کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’دنیا بھر میں کسی نہ کسی طرح کے تنازعات کثرت سے دیکھے جا رہے ہیں۔ تاہم بھارت ہمیشہ جنگ کے خلاف رہا ہے اور یہی ہمیشہ اس کی پالیسی رہی ہے۔‘‘

سنگھ نے کہا کہ بولینگ پر نیا پل مقامی باشندوں کے ساتھ ساتھ فوجیوں کی نقل و حرکت میں آسانی پیدا کرے گا۔ 100 میٹر کا پل Aalo-Yingkiong سڑک پر بنایا گیا ہے، جو مغربی سیانگ اور اپر سیانگ اضلاع کو ملاتا ہے۔

وزیر دفاع نے منگل کو بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے 27 دیگر منصوبوں کا بھی عملی طور پر افتتاح کیا۔