ہندوستان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ سوڈان میں جاری فوجی تنازع پر بات کی
نئی دہلی، اپریل 19: ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے منگل کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کے ساتھ سوڈان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے بات کی جہاں فوج کے دو دھڑے آپس میں کنٹرول کے لیے لڑ رہے ہیں۔
شمالی افریقی ملک پر کنٹرول کے لیے حریف فوجی دھڑوں کے درمیان لڑائی شروع ہونے کے بعد کئی ہندوستانی سوڈان کے دارالحکومت خرطوم اور دیگر شہروں میں پھنس گئے ہیں۔ الجزیرہ کی خبر کے مطابق جنرل عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں سوڈانی فوج نیم فوجی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز سے لڑ رہی ہے، جس کی قیادت جنرل محمد حمدان کر رہے ہیں۔
16 اپریل کو سوڈان میں ہندوستانی سفارت خانے نے کہا تھا کہ ایک ہندوستانی، جس کی شناخت البرٹ آگسٹن کے نام سے ہوئی ہے، ایک گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔
جے شنکر نے سعودی عرب میں اپنے ہم منصب فیصل بن فرحان اور متحدہ عرب امارات میں اے بی زید سے بات کی۔
جیسے ہی خرطوم میں بڑے پیمانے پر تشدد پھوٹ پڑا، سوڈان میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایڈوائزری جاری کی تھی اور وزارت خارجہ میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا تھا۔
منگل کو ہندوستانی سفارت خانے نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ باہر نہ نکلیں کیوں کہ ملک میں لوٹ مار کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
دریں اثنا کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ کے سدارامیا اور جے شنکر کے درمیان منگل کو ٹوئٹر پر بحث ہوئی، جب کانگریس لیڈر نے مرکز سے فوری طور پر مداخلت کرنے اور شمالی افریقی ملک کے شہر الفشر میں پھنسے 31 آدیواسیوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ ہکی پکی برادری کے افراد پچھلے کچھ دنوں سے بغیر خوراک کے سوڈان میں پھنسے ہوئے ہیں اور مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے انھیں واپس لانے کے لیے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔
سدارامیا کے ذریعے 31 آدیواسیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے ٹویٹ کرنے کے فوراً بعد جے شنکر نے کانگریس لیڈر پر اس معاملے میں سیاست کرنے کا الزام لگایا۔
جے شنکر نے منگل کو کہا ’’آپ کے ٹویٹ پر صرف حیرت ہوئی۔ زندگیاں داؤ پر لگی ہیں، سیاست نہ کریں۔ 14 اپریل کو لڑائی شروع ہونے کے بعد سے خرطوم میں ہندوستان کا سفارت خانہ سوڈان میں زیادہ تر ہندوستانی شہریوں اور PIOs [ہندوستانی نژاد افراد] کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔‘‘
وزیر نے کہا کہ سوڈان میں ہندوستانی شہریوں کی نقل و حرکت شدید لڑائی کی وجہ سے محدود ہے۔
سدارامیا کا مطالبہ کرناٹک اسمبلی انتخابات سے چند ہفتے پہلے آیا ہے، جو 10 مئی کو ہونے والے ہیں۔
سدارامیا نے جے شنکر کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے صرف وزیر سے ہکی پکیوں کی واپسی میں تیزی لانے کی اپیل کی ہے۔
سیاست دان نے ٹویٹ کیا کہ چوں کہ آپ وزیر خارجہ ہیں میں نے آپ سے مدد کی اپیل کی ہے۔ ’’اگر آپ گھبرانے میں مصروف ہیں تو براہ کرم ہمیں اس شخص کی طرف اشارہ کریں جو ہمارے لوگوں کو واپس لانے میں ہماری مدد کر سکے۔‘‘