ہماچل پردیش: سات کانگریس ایم ایل ایز نے بطور وزراء حلف لیا، وزیراعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے کابینہ میں کی توسیع
نئی دہلی، جنوری 8: ہماچل پردیش اسمبلی کے سات کانگریس ایم ایل ایز نے اتوار کی صبح وزیر کے طور پر حلف لیا، جب وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے اپنی کابینہ میں توسیع کی۔ گورنر راجندر وشواناتھ ارلیکر نے شملہ کے راج بھون میں اراکین اسمبلی کو حلف دلایا۔
نئے شامل کیے گئے وزراء میں دھنی رام شندیل، چندر کمار، ہرش وردھن چوہان، جگت سنگھ نیگی، روہت ٹھاکر، انرودھ سنگھ اور وکرمادتیہ سنگھ شامل ہیں۔ ان کی شمولیت سے سکھو کی کابینہ میں وزرا کی کل تعداد نو ہو گئی ہے۔
سکھو نے 11 دسمبر کو ہماچل پردیش کے 15 ویں وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا تھا۔ کانگریس لیڈر مکیش اگنی ہوتری کو ان کا نائب مقرر کیا گیا تھا۔
کانگریس نے دسمبر میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں 68 میں سے 40 سیٹیں حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے 25 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، جب کہ باقی تین حلقوں میں آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔
ابھی تک سکھو نے فائنانس، جنرل ایڈمنسٹریشن، ہوم، پلاننگ، اور پرسنل محکمے اپنے پاس رکھے ہیں، جب کہ اگنی ہوتری نے جل شکتی، ٹرانسپورٹ اور زبان، آرٹس اینڈ کلچر کے محکموں کا چارج سنبھالا ہے۔
نئے شامل ہونے والے کابینہ کے ارکان کے قلمدانوں کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے۔