ہاتھرس اجتماعی عصمت دری کیس: سپریم کورٹ نے متاثرہ دلت خاتون کے کنبہ کے ممبر کو نوکری دینے کے خلاف دائر یوپی حکومت کی درخواست کو مسترد کردیا

نئی دہلی، مارچ 27: سپریم کورٹ نے پیر کے روز الہ آباد ہائی کورٹ کے ذریعے اس دلت خاتون کے خاندان کے ایک فرد کو ملازمت دینے پر غور کرنے کی ہدایت کو چیلنج کرنے والی اتر پردیش حکومت کی درخواست کو مسترد کر دیا، جس کو 2020 میں ہاتھرس ضلع میں مبینہ طور پر اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔

جولائی میں الہ آباد ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی ریاستی حکومت 30 ستمبر 2020 کو کیے گئے وعدے کو پورا کرے، جب حکام نے خاتون کے خاندان کے ایک فرد کو ریاستی سرکاری ملازمت میں گروپ سی کی ملازمت کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ہائی کورٹ نے یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ اس واقعہ کے بعد گاؤں میں متاثرہ کے خاندان کے لیے معمول کی زندگی گزارنا مشکل ہو گیا تھا، ریاستی حکومت سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ متاثرہ کے خاندان کو اتر پردیش کے اندر لیکن ہاتھرس سے باہر کسی اور جگہ منتقل کرنے پر غور کرے۔

تاہم اتر پردیش حکومت کی نمائندگی کرنے والے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل گریما پرساد نے پیر کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ ججوں کو اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ آیا دلت خاتون کے بڑے شادی شدہ بھائی کو اس کے زیر کفالت کے طور پر درجہ بندی کیا جا سکتا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ریاست خاندان کو کہیں اور منتقل کرنے کے لیے تیار ہے لیکن وہ نوئیڈا، غازی آباد یا دہلی میں منتقل ہونا چاہتے ہیں۔

چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چوڑ، جسٹس پی ایس نرسمہا اور جے بی پاردی والا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ وہ کیس کے خصوصی حقائق اور حالات کو دیکھتے ہوئے اس معاملے میں مداخلت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

ججوں نے نوٹ کیا کہ ’’یہ فیملی کو فراہم کی جانے والی سہولیات ہیں۔ ہمیں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔ ریاست کو ان معاملات میں آگے نہیں آنا چاہیے۔‘‘