ہریدوار نفرت انگیز تقریر: سپریم کورٹ نے جتیندر تیاگی کو ضمانت دی
نئی دہلی، ستمبر 13: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق سپریم کورٹ نے پیر کو جتیندر تیاگی کو ضمانت دے دی، جو ہریدوار نفرت انگیز تقریر کیس میں ایک ملزم ہے۔ جسٹس اجے رستوگی اور بی وی ناگرتھنا کی بنچ نے ضمانت کی شرائط میں سے ایک کے طور پر انھیں الیکٹرانک میڈیا سے خطاب کرنے سے روک دیا۔
شیعہ وقف بورڈ کے سابق سربراہ نے دسمبر میں ہندو مذہب اختیار کر لیا تھا اور اپنا نام وسیم رضوی سے بدل کر جتیندر تیاگی رکھ لیا تھا۔
اس سے قبل مئی میں تیاگی کو طبی بنیادوں پر تین ماہ کے لیے ضمانت دی گئی تھی۔ اگست میں اس نے ضمانت میں توسیع کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، لیکن اسے کہا گیا تھا کہ وہ 5 ستمبر سے پہلے خود کو پولیس کے حوالے کر دیں۔
تیاگی کو جنوری میں مسلمانوں کی نسل کشی کرنے کے لیے ہندوؤں کو ہتھیار خریدنے کی ترغیب دینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ اس نے یہ بیان 17 دسمبر سے 19 دسمبر کے درمیان ہریدوار میں منعقدہ ایک ’’دھرم سنسد‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے دیا تھا۔
ہریدوار کی تقریب میں غازی آباد کے داسنا دیوی مندر کے ہیڈ پجاری یتی نرسنگھانند سرسوتی نے بھی ہندوؤں کو ہتھیار اٹھانے کی ترغیب دی تھی۔ اسے بھی گرفتار کر لیا گیا تھا اور بعد میں 7 فروری کو اس معاملے میں اسے ضمانت مل گئی۔
2 ستمبر کو چیف جسٹس یو یو للت اور جسٹس ایس رویندر بھٹ پر مشتمل بنچ نے نرسنگھ نند اور تیاگی کی گرفتاری کی درخواست کرنے والی مفاد عامہ کی عرضی پر غور کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔