گیانواپی کیس: الہ آباد ہائی کورٹ نے اے ایس آئی سے پوچھا کہ کیا مبینہ ’’شیولنگ‘‘ کی سائنسی طو پر تحقیقات ممکن ہے
نئی دہلی، نومبر 5: الہ آباد ہائی کورٹ نے جمعہ کو آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک حلف نامہ داخل کرے کہ آیا گیانواپی مسجد کمپلیکس میں پائے جانے والے مبینہ شیولنگ کی، جیسا کہ ہندو مدعیان نے دعویٰ کیا ہے، سائنسی تحقیقات کرانا ممکن ہے۔
ہندو فریق مسجد کے اندر موجود چیز کا معائنہ کرنے کے لیے ایک آزاد ادارہ چاہتا تھا، جس چیز کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ وہ شیولنگ ہے۔ تاہم انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی دعویٰ کرتی ہے کہ وہ چیز وضو خانہ کا ایک چشمہ ہے، نہ کہ شیو لنگ۔
وارانسی کی عدالت نے 14 اکتوبر کو کہا تھا کہ مسجد کے احاطے کے اندر کسی بھی قسم کا سروے مئی میں دیے گئے سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہو گا، جس نے علاقے کو محفوظ رکھنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے یہ حکم 22 ستمبر کو ہندو فریق کی طرف سے دائر درخواست پر دیا تھا۔ انھوں نے اس چیز کی کاربن ڈیٹنگ کا مطالبہ کیا تھا۔
کاربن ڈیٹنگ ایک سائنسی طریقہ ہے جو کسی آثار قدیمہ کی چیز کی عمر کا تعین کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
جمعہ کو جسٹس جے جے منیر کی سنگل جج بنچ نے 14 اکتوبر کے حکم کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے اپنا فیصلہ سنایا۔ عدالت کیس کی اگلی سماعت 21 نومبر کو کرے گی۔