گجرات: سورت کی ایک فیکٹری میں ٹینکر سے گیس لیک ہونے کے سبب چھ افراد ہلاک، 20 اسپتال میں داخل
نئی دہلی، جنوری 6: دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق گجرات کے سورت شہر میں جمعرات کو ایک کیمیکل فیکٹری میں زہریلی گیس لیک ہونے کے سبب چھ افراد کی موت ہو گئی اور 20 کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ فیکٹری کے باہر کھڑے کیمیکل ٹینکر سے گیس لیک ہوئی تھی۔
سورت سول اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اومکار چودھری نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے اموات کی تصدیق کی۔
Gujarat: Six people died and 20 others were admitted to the civil hospital after gas leakage at a company in Sachin GIDC area of Surat early morning today, says hospital’s In Charge Superintendent, Dr Omkar Chaudhary pic.twitter.com/HVnH9CZHYl
— ANI (@ANI) January 6, 2022
سورت میونسپل کارپوریشن کے چیف فائر آفیسر بسنت پاریک نے بتایا کہ مزدور، سچن انڈسٹریل علاقے میں فیکٹری کے اندر تھے جب گیس کا اخراج ہوا۔
انڈیا ٹوڈے نے رپورٹ کیا کہ علاقے کے ایک صنعتی یونٹ کے پروڈکشن مینیجر سنجے پٹیل نے کہا کہ ایک ٹینکر پائپ کا استعمال کرتے ہوئے قریبی نالے میں کیمیکل پھینک رہا تھا۔ ٹرک سے اٹھنے والے دھوئیں میں سانس لینے کے بعد مزدور بے ہوش ہو گئے۔
پی ٹی آئی نے اطلاع دی کہ فائر ڈپارٹمنٹ کو صبح 4.25 بجے اس واقعے کے بارے میں کال موصول ہوئی۔ جس کے بعد فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے ٹینکر سے مزید رساو کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔
گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’سورت میں گیس کے اخراج کی وجہ سے بدقسمتی سے بہت سے لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ مہلوکین کی روح کو سکون ملے اور ان کے لواحقین کو یہ برداشت کرنے کی طاقت ملے۔ میں ان لوگوں کے لیے بھی دعا کرتا ہوں جو اس واقعے میں بیمار ہوئے ہیں۔‘‘