گوگل نے اپنے ڈوڈل کے ذریعے ماہر تعلیم فاطمہ شیخ کی 191ویں سالگرہ منائی
نئی دہلی، جنوری 10: عالمی ٹیک کمپنی گوگل نے اپنے ڈوڈل کے ذریعے ماہر تعلیم اور حقوق نسواں کی آئیکن فاطمہ شیخ کی 191 ویں سالگرہ منائی۔ 9 جنوری 1831 کو پونے میں پیدا ہونے والی فاطمہ شیخ کو عام طور پر ملک کی پہلی مسلم خاتون ٹیچر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ انھوں نے ساتھی سماجی مصلحین جیوتی راؤ پھولے اور ساوتری بائی پھولے کے ساتھ مل کر 1848 میں انڈیجینس لائبریری کی بنیاد رکھی جو کہ لڑکیوں کے لیے ہندوستان کے پہلے اسکولوں میں سے ایک ہے۔
فاطمہ شیخ نے مبینہ طور پر ساوتری بائی پھولے سے ایک امریکی مشنری سنتھیا فارر کے زیر انتظام اساتذہ کی تربیت کے ادارے میں ملاقات کی۔ انھوں نے 1851 میں بمبئی میں دو اسکولوں کے قیام میں بھی حصہ لیا۔
گوگل نے لکھا ’’وہ اپنے بھائی عثمان کے ساتھ رہتی تھیں۔ نچلی ذات کے لوگوں کو تعلیم دینے کی کوشش کرنے پر جوڑے کو بے دخل کیے جانے کے بعد بہن بھائیوں نے جیوتی راؤ پھولے اور ساوتری بائی پھولے کے لیے اپنا گھر کھول دیا۔ دیسی لائبریری شیخوں کی چھت کے نیچے کھلی۔ یہاں ساوتری بائی پھولے اور فاطمہ شیخ نے پسماندہ دلت اور مسلم خواتین اور بچوں کی کمیونٹیز کو پڑھنا لکھنا سکھایا۔‘‘
فاطمہ شیخ ’’ستیہ شودھک سماج‘‘ (سچائی کے متلاشیوں کی سوسائٹی) کی سرکردہ کارکن تھیں، جو پسماندہ برادریوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے چلائی گئی مساوات کی تحریک تھی۔ وہ گھر گھر گئے اور ان کمیونٹیز کے ممبروں کو ہندوستانی ذات پات کے نظام کی سختی سے بچنے کے لیے مقامی لائبریری میں سیکھنے کی دعوت دی۔
ستیہ شودھک تحریک میں شامل لوگوں کو نیچا دکھانے کی کوشش کرنے والے غالب طبقوں کی مزاحمت کے باوجود شیخ اور ان کے اتحادی ڈٹے رہے۔
ہندوستانی حکومت نے 2014 میں دیگر ممتاز ہندوستانی ماہرین تعلیم کے ساتھ اردو نصابی کتب میں ان کی پروفائل کو نمایاں کرکے ان کی کامیابیوں کے بارے میں مزید معلومات فراہم کیں۔