اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع میں احتجاج کرتے کسانوں پر گاڑھی چڑھنے سے تین کسان ہلاک، بعد ازاں تشدد میں مزید پانچ ہلاکتیں

نئی دہلی، اکتوبر 4: اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع میں اتوار کے روز کسانوں کے احتجاج کے دوران مبینہ طور پر ایک بی جے پی لیڈر کے بیٹے نے ان پر اپنی کار چڑھا دی، جس کے نتیجے میں چار کسان ہلاک ہوگئے۔ اس کے بعد ہوئے تشدد میں مزید چار افراد ہلاک ہوئے۔

بھارتیہ کسان یونین نے کہا ہے کہ ایک وزیر کے قافلے کا حصہ رہنے والی ایک گاڑی مظاہرین کے ایک گروہ پر چڑھا دی گئی تھی، جس کے سبب تین کسانوں کی موت ہوگئی۔ لکھیم پور کھیری کے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ایک میڈیکل آفیسر نے تصدیق کی تھی کہ دو افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا ہے۔

کسان یونین نے دعویٰ کیا کہ یہ گاڑی مرکزی وزیر اجے مشرا کے بیٹے کی ہے، جو ڈپٹی چیف منسٹر کیشو موریہ کے ہمراہ علاقے کا دورہ کر رہا تھا۔

اس دوران مشرا نے ایک نیوز چینل سے کہا کہ گاڑی پر پتھر پھینکے گئے جس کی وجہ سے ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا اور کسانوں سے ٹکرا گیا۔ مشرا نے مزید کہا کہ حادثے میں ڈرائیور کی موت ہوگئی۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے مشرا کے بیٹے کے بارے میں کچھ نہیں کہا، لیکن انھوں نے مزید کہا کہ مرنے والے کسانوں کے علاوہ چار دیگر افراد گاڑی پر سوار تھے جو مظاہرین پر چڑھ دوڑے۔

روزنامہ بھاسکر کے مطابق اس واقعے میں آٹھ کسان زخمی ہوئے ہیں۔ بھارتیہ کسان یونین نے زخمی ہونے والے کسانوں کی تعداد نہیں بتائی، لیکن کہا کہ کسان لیڈر تیجندر سنگھ ورک ان میں شامل ہیں۔

بعد میں مظاہرین نے مبینہ طور پر اس گاڑی میں آگ لگا دی۔

مقامی صحافیوں کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ کچھ کسان جو احتجاج میں تھے، خون میں لت پت سڑک پر پڑے ہوئے ہیں۔ دوسروں کو جو زخمی تھے انھیں لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک ویڈیو میں ایک گاڑی کو آگ لگاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

روزنامہ بھاسکر کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا اور اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ ایک تقریب میں شرکت کے لیے اتوار کی صبح لکھیم پور کھیری جانے والے تھے۔

کسانوں نے ایک ہیلی پیڈ بلاک کر دیا تھا جہاں موریہ اور مشرا کو اترنا تھا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے سڑک کے ذریعے لکھیم پور کھیری کا سفر کیا۔

روزنامہ بھاسکر نے خبر دی ہے کہ ان کے راستے کو دوپہر 2.45 بجے کسانوں نے روک لیا۔ کسانوں نے دونوں رہنماؤں کو سیاہ جھنڈے دکھائے۔ اخبار نے بتایا کہ قافلے میں سے ایک کار کسانوں پر چڑھ گئی جس سے مبینہ طور پر تین کسان ہلاک ہوگئے۔

دریں اثنا نیوز چینل نیوز1 انڈیا سے بات کرتے ہوئے مشرا نے دعویٰ کیا کہ کسانوں نے اس گاڑی پر پتھراؤ کیا جو مبینہ طور پر کسانوں پر چڑھی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ایک پتھر گاڑی کے ڈرائیور کو لگا۔

وزیر نے دعویٰ کیا کہ اس کے بعد گاڑی نے کنٹرول کھو دیا اور کسانوں پر چڑھ گئی۔ مشرا نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ کیا ان کا بیٹا گاڑی چلا رہا تھا۔