کیرالہ جماعت اسلامی ہند کے سابق امیر ٹی کے عبد اللہ کا 92 سال کی عمر میں انتقال

کوزیکوڈ (کیرالہ)، اکتوبر 16: کیرالہ جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ) کے سابق امیر ٹی کے عبداللہ کا جمعہ کے روز 92 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔

ان کے پسماندگان میں بیوی کنجمینہ، بیٹے ٹی کے فاروق اور ٹی کے اقبال اور بیٹی ساجدہ ہیں۔

ٹی کے عبد اللہ صاحب ایک سینئر اسلامی اسکالر تھے اور جے آئی ایچ کی مرکزی مجلس شوریٰ یعنی سنٹرل ایڈوائزری کونسل کے رکن تھے، جو 1972 سے اب تک جماعت کا فیصلہ ساز ادارہ ہے۔ وہ کیرالہ جے آئی ایچ کی ریاستی مشاورتی کونسل کے رکن بھی تھے۔

وہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (AIMPLB) کے بانی ارکان میں سے ایک ہیں۔ وہ 1972 سے 79 اور 1982 سے 1984 تک جے آئی ایچ کے ریاستی صدر بھی رہے ہیں۔

وہ اتحاد العلماء کے ریاستی ایگزیکٹو ممبر بھی تھے۔

عبداللہ صاحب اسلامی انسائیکلوپیڈیا کے چیف ایڈیٹر بھی تھے جسے اسلامی پبلشنگ ہاؤس، کوزیکوڈ شائع کر رہا ہے۔

وہ ایک عظیم اسلامی اسکالر تھرکندی عبدالرحمن صاحب اور فاطمہ کے ہاں 1929 میں کوزیکوڈ ضلع کے گاؤں اینچری میں پیدا ہوئے۔

انھوں نے 1950 میں پربودھنم میں شمولیت اختیار کی اور 1959 میں اس کے ڈپٹی چیف ایڈیٹر بن گئے۔ 1964 میں جب پربودھنم ہفتہ واری ہوگیا تو انھیں اس کا چیف ایڈیٹر مقرر کیا گیا اور اس عہدے پر 1995 تک برقرار رہے۔

بعد میں وہ جے آئی ایچ کیرالہ کے بودھنم سہ ماہی جریدے میں بطور چیف ایڈیٹر شامل ہوئے۔

جب حکومت نے 1992 میں بابری مسجد کے انہدام کے بعد جماعت پر پابندی عائد کی تو عبداللہ صاحب کئی دیگر جے آئی ایچ رہنماؤں کے ساتھ قید میں تھے۔

انھوں نے مولانا مودودی کی تفہیم القرآن کی دو جلدوں کا اردو سے ملیالم میں ترجمہ کرنے میں بھی مدد کی۔ اس کے علاوہ انھوں نے کئی کتابیں لکھی ہیں۔

اس کے علاوہ ان کی سوانح عمری بھی ملیالم میں شائع ہوئی ہے۔

ان کی بہت سی تقاریر، مضامین اور خطبات بھی مرتب کیے گئے ہیں اور شائع ہوئے ہیں۔