امت مالویہ کی شکایت پر نیوز پورٹل ‘دی وائر’ کے خلاف ایف آئی آر درج
نئی دہلی، اکتوبر 30: دہلی پولیس نے ہفتہ کو بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ اور مغربی بنگال میں پارٹی کے شریک انچارج امت مالویہ کی شکایت پر نیوز ویب سائٹ ’’دی وائر‘‘ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
امت مالویہ نے ‘دی وائر’ پر اپنے اور سوشل میڈیا کمپنی ‘میٹا’ (وہ کمپنی جو فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک ہے) کے بارے میں ‘جعلی خبریں’ شائع کرنے کا دعوی کرتے ہوئے دھوکہ دہی اور جعل سازی کا الزام لگایا ہے۔
ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اب تک دی وائر کی جانب سے کوئی آفیشیل جواب سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری طرف ‘دی وائر’ نے پولیس سے شکایت کی ہے، جس میں اس کے اپنے ہی ایک سابق کنسلٹنٹ دیویش کمار پر اس معاملے میں ایک اسٹوری میں من گھڑت تفصیلات پیش کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ تاہم پولیس نے ابھی تک اس معاملے میں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔
امت مالویہ کی طرف سے پولس میں درج کرائی گئی شکایت میں دیویش کمار کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
اس شکایت میں ‘دی وائر’ کے بانی ایڈیٹرز سدھارتھ وردراجن، سدھارتھ بھاٹیہ اور ایم کے وینو کے علاوہ ڈپٹی ایڈیٹر اور ایگزیکٹیو نیوز پروڈیوسر جھانوی سین، ‘فاؤنڈیشن فار انڈیپنڈنٹ جرنلزم’، ‘دی وائر’ کے مالک اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف شکایت کی گئی ہے اور ان پر دھوکہ دہی اور جعلی دستاویزات پیش کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
امت مالویہ نے جمعہ کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ‘دی وائر’ کی مختلف اسٹوریز میں لگائے گئے الزامات پر اپنا موقف پیش کیا۔ اس میں انھوں نے کہا کہ ‘دی وائر’ نے اس ماہ اپنی ویب سائٹ پر فیس بک اور انسٹاگرام سے متعلق کئی فرضی کہانیاں شائع کی ہیں جن میں ان پر جھوٹے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔