حکومت پنجاب کا قابل ستائش قدم ،رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں روزہ دار قیدیوں کو خصوصی سہولیات فراہم کرنے کاحکم

شاہی امام مولانا عثمان رحمانی لدھیانوی نے   وزیر اعلیٰ سردار بھگونت سنگھ مان کا شکریہ ادا کیا

لدھیانہ، 22 ​​مارچ:۔

رمضان المبارک کا مقدس مہینہ شروع ہونے والا ہے ۔اس سلسلے میں مسلم محلوں اور بستیوں  میں خاص طور پر اہتمام کیا جاتا ہے ۔مسلمانوں کے مقدس مہینے کے پیش نظر ملک کی بعض ریاستوں میں بھی حکومت کی جانب سے روزہ داروں کے لئے خصوصی سہولیات فراہم کئے جاتے ہیں۔پچھلے دنوں بہار حکومت نے سرکاری دفاتر میں ملازمت پیشہ مسلمانوں کو خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے ۔دریں اثنا حکومت پنجاب نے بھی جیلوں میں بند مسلم قیدیوں کے لئے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا  ہے ۔رپورٹ کے مطابق پنجاب کے شاہی امام مولانا عثمان رحمانی لدھیانوی نے پنجاب کے مسلمانوں کو درپیش مسائل کے سلسلے میں لدھیانہ میں وزیراعلیٰ سردار بھگونت سنگھ مان سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر  انہوں نے پنجاب کی جیلوں میں بند مسلم قیدیوں کو رمضان المبارک کے دوران خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ جس میں پنجاب کی جیلوں میں روزہ رکھنے والے قیدیوں کو خصوصی سہولیات فراہم کرنے۔ ایک ماہ کے لیے خصوصی سہولتیں دیئے جانےاور جیلوں میں سحری اور افطار کے  اوقات میں محکمہ جیل کی جانب سے  خصوصی کھانے پینے کی اشیا کا انتظام کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا  تھا۔

جس کے بعد آج پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان نے شاہی امام پنجاب مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی کا مطالبہ پورا کرتے ہوئے محکمہ جیل  کو حکم جاری کیا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں ہر مسلمان  قیدی کو یومیہ 100 روپے فی کس دیے جائیں  ۔ کھانے پینے کی اشیاء مہیا کی جائیں اور کسی روزہ دار کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر شاہی امام کی صدارت میں گزشتہ 20 سالوں سے ریاست بھر کی جیلوں میں روزہ دار قیدیوں میں مختلف اشیا اور عید کے کپڑوں کی تقسیم پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے   اسے ایک اچھا اقدام قرار دیا۔

روزہ دار قیدیوں کے  تعلق سے کئے گئے مطالبات کوبھگونت حکومت کی جانب سے تسلیم کر لیے جانے پر آج شاہی امام پنجاب مولانا عثمان رحمانی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار بھگونت سنگھ مان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی سالوں سے یہ رعایت حکومت کی جانب سے روزہ داروں کو دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سردار بھگونت سنگھ مان نے انہیں یقین دلایا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں روزہ رکھنے والے تمام قیدیوں کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی نے بتایا کہ اس سال بھی ان کی تنظیم ریاست بھر کی تمام جیلوں میں قیدیوں میں  سحر اور افطار  کا سامان  تقسیم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد جیلوں میں بند لوگوں کو مرکزی دھارے سے جوڑنا ہے تاکہ وہ اپنی غلطیوں سے توبہ کریں اور معاشرے میں اچھی زندگی گزاریں۔