اردغان نے تاریخی جیت کے بعد بعد ترکی کے باشندوں سے’’اتحاد اور یکجہتی‘‘ کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے کہا
نئی دہلی، مئی 30: ترکی کے صدر کے طور پر تیسری بار تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے بعد رجب طیب اردغان نے پیر کو قوم کے ساتھ مل کر اس صدی کو ’’ترکی کی صدی‘‘ بنانے کا عہد کیا اور اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔
69 اردغان نے اتوار کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کی، جس کے بعد اب ان کی مدت میں 2028 تک توسیع ہو جائے گی۔
انھوں نے دارالحکومت انقرہ میں صدارتی رہائش گاہ کے باہر حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ اکٹھا ہونا چاہیے۔
انھوں نے کہا ’’آج کوئی نہیں ہارا، تمام 85 ملین ترکش جیت گئے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے قومی مقاصد اور قومی خوابوں کے ارد گرد متحد اور مربوط ہوں … صرف ہم فاتح نہیں ہیں۔ فاتح ترکی ہے، فاتح ہماری قوم ہے اس کے تمام طبقات کے ساتھ، ہماری جمہوریت فاتح ہے۔‘‘
اردغان نے معاشی مشکلات کو کم کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ 6 فروری کو آنے والے بڑے زلزلوں کے ’’زخموں‘‘ کو مندمل کرنا ان کی ترجیح ہوگی۔
مہنگائی کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کو حل کرنے کے بارے میں انھوں نے کہا کہ فلاح و بہبود کے نقصان کی تلافی حکومت کی ’’سب سے فوری‘‘ ترجیح ہے۔
انھوں نے کہا ’’ہم مالیاتی انتظام، سرمایہ کاری، اور روزگار پر مرکوز معیشت کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ہم اعتماد اور استحکام کے ساتھ سڑک پر چلتے رہیں گے۔ ہم مالیاتی انتظام، سرمایہ کاری اور روزگار کے لیے بین الاقوامی شہرت کے ساتھ ایک مینوفیکچرنگ اکانومی ڈیزائن کریں گے۔‘‘
انھوں نے یاد دلایا کہ تقریباً 600,000 شامی اپنے ملک واپس جا چکے ہیں اور یہ کہ ترکی نے شمالی شام میں ایک نئے ہاؤسنگ پروجیکٹ کے لیے تعاون پر قطر کے ساتھ اتفاق کیا ہے، تاکہ حکومت 10 لاکھ مزید پناہ گزینوں کو ’’دو سالوں‘‘ میں اپنے وطن واپس لوٹنے میں مدد فراہم کرے۔
مہاجرین کا مسئلہ امیدواروں کی انتخابی مہم میں ایک گرما گرم موضوع تھا، کیوں کہ ترکی کے زیر اہتمام تقریباً 40 لاکھ مہاجرین ترکی کے شہریوں کی معاشی مشکلات کے درمیان سیاسی طور پر ایک متنازعہ مسئلہ بن چکے ہیں۔