ہندوستان میں اب جمہوریت نہیں بلکہ ’’آمریت‘‘ ہے، کسانوں پر منظم طریقے سے حملہ کیا جارہا ہے: راہل گاندھی

نئی دہلی، اکتوبر 6: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کسانوں پر ’’منظم طریقے سے حملہ کیا جا رہا ہے‘‘ اور ہندوستان میں اب ’’آمریت‘‘ ہے، جہاں سیاست دانوں کو اتر پردیش میں لکھیم پور کھیری واقعے کے متاثرین کے اہل خانہ سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گاندھی نے کہا کہ وہ کانگریس کے دو وزرائے اعلیٰ بھوپیش بگھیل (چھتیس گڑھ) اور چرنجیت سنگھ چنّی (پنجاب) کے ساتھ تشدد سے متاثرہ خاندانوں سے ملنے کے لیے لکھیم پور کھیری جانے کی کوشش کریں گے۔

دریں اثنا لکھنؤ پولیس کمشنر ڈی کے ٹھاکر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اترپردیش حکومت نے گاندھی کے دورے کی اجازت نہیں دی ہے اور انھیں سیتاپور یا لکھیم پور کھیری جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

گاندھی نے الزام لگایا کہ کسانوں کو کچلا جارہا ہے اور ایک مرکزی وزیر اور اس کے بیٹے کا نام سامنے آرہا ہے، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔

انھوں نے الزام لگایا کہ ملک کے کسانوں پر ’’منظم طریقے سے حملہ‘‘ کیا جا رہا ہے۔

گاندھی نے کہا ’’پہلے جمہوریت ہوتی تھی، اب ہندوستان میں آمریت ہے۔ سیاستدان اتر پردیش نہیں جا سکتے۔ ہمیں کل سے بتایا جا رہا ہے کہ ہم اتر پردیش نہیں جا سکتے۔‘‘

معلوم ہو کہ اتر پردیش پولیس نے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے بیٹے آشیش کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔