جموں و کشمیر: جیل کے ڈائریکٹر جنرل کا قتل، ملزم کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری
نئی دہلی:جموں و کشمیر کے اُدھید والا علاقے میں پیر کی رات دیر گئے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے ایک پولیس افسر کا مشتبہ حالات میں قتل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی)جیل ہیمنت کمار لوہیا گجنسو علاقے کے ادھید والا میں اپنے دوست کے گھر پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جسم پر زخموں کے نشانات بھی ہیں اور ابتدائی طور پر یہ قتل معلوم ہوتا ہے۔
جموں کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس مکیش سنگھ نے بتایا کہ جموں و کشمیر جیل کے ڈائریکٹر جنرل ہیمنت لوہیا کی لاش مشکوک حالات میں ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں یہ مشتبہ قتل کا معاملہ معلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو ملازمہ مفرور ہے۔اس کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ فرانسک ٹیم اور کرائم ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔
پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے کیوں کہ ریاست میں ایک بڑے افسر کا پراسرار حالت میں قتل ہوا ہے۔
دریں اثنا،پولیس نے جموں و کشمیر کے جیل کے ڈائریکٹر جنرل کی موت میں عسکریت پسندی کے زاویے کو فی الوقت خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واردات میں گھرکے خاص ملازم کے اس قتل میں شمولیت کے امکان کو خارج نہیں کیا جا سکتا ہے۔
بتادیں کہ پولیس ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل موصوف کو پیر کی رات کو جموں کے مضافاتی علاقہ گجنسو اودھے والا میں اپنے دوست کی رہائش گاہ پر پر اسرار حالت میں مردہ پایا گیا تھا۔ ان کا گلا کٹا ہوا تھا اور جسم پر جلنے کے نشانات بھی تھے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں مکیش سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس واردات میں ملوث خاص ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے اور وہ متوفی کا گھریلو ملازم ہے جس کا نام یاسر احمد ہے جو کہ رامبن کا رہنے والا ہے۔
انہوں نے بیان میں کہا: ‘ کچھ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتبہ ملزم جرم کے ارتکاب کے بعدجائے واردات سے فرار ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا: وہ (گھریلو ملازم)اس گھر میں تقریباً چھ ماہ سے کام کر رہا تھا اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ وہ کافی جارح اور شرارتی تھا اور ذرائع کے مطابق ڈپریشن کا بھی شکار تھا۔
موصوف اے ڈی جی پی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فی الوقت اس واردات میں ملی ٹنسی سے متعلق کوئی زاویہ نظر نہیں آیا ہے تاہم اس ضمن میں مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرم کے ارتکاب کے لئے استعمال کیا جانے والا ہتھیار ضبط کر لیا گیا ہے اور اس کے علاوہ کچھ ایسی ڈاکیومنٹری ثبوت بھی ملے ہیں جس سے اس کی ذہنی حالت منعکس ہوتی ہے۔
پولیس نے مشتبہ ملزم کی تصویروں کی بھی تشہیر کی ہے اور عوام سے اس کو تلاش کرنے میں مدد طلب کی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر جیل کے ڈائریکٹر جنرل ہیمنت کمار لوہیا کے گھریلو ملازم یاسر کو تلاش کرنے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کی بھی خدمات لی گئی ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیوں کو پتہ چلا ہے کہ مذکورہ ملازم ادھم پور کے جنگلی علاقے میں چھپا بیٹھا ہے جس کو ڈھونڈ نکالنے کی مہم شروع کردی گئی ہے اور جنگل کے پورے علاقے کو پوری طرح سے سیل کر دیا گیا ہے۔
مرکزی ایجنسی کے مطابق ہیمنت کمار لوہیا کے گھریلو ملازم کی آخری فون لوکیشن اُدھم پور کے جنگلی علاقے میں ملی ہے جس کے بعد پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف کی متعدد ٹیموں نے پہاڑی علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گھریلو ملازم کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے ڈرون کیمروں اور کھوجی کتوں کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔