مظاہروں کے درمیان دہلی کے مدن پور کھادر میں انہدامی مہم

نئی دہلی، مئی 12: اے این آئی کی خبر کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکمرانی والی جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کی طرف سے انہدامی مہم کی وجہ سے جمعرات کو دہلی کے مدن پور کھادر میں ایک زبردست احتجاج شروع ہوا۔

مظاہرین نے انہدامی مہم کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے شہری ادارے اور مرکز کے خلاف نعرے لگائے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق بلڈوزر کو علاقے میں ایک چھ منزلہ عمارت کو گرانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ مزدوروں کو عمارت کی دیواریں اندر سے توڑتے ہوئے دیکھا گیا۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو مظاہروں کو روکنے کے لیے سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ انھیں مظاہرین پر لاٹھی چارج کرتے بھی دیکھا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف مہم سیاسی طور پر محرک ہے کیوں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی شہری باڈی کی مدت 18 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔

مدن پور کھادر گئے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان نے دعویٰ کیا کہ جو ڈھانچہ منہدم کیا جا رہا ہے وہ غیر قانونی نہیں ہے۔ امانت اللہ خان کو اس وقت دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا۔

انھوں نے اے این آئی کو بتایا ’’میں جیل جانے کے لیے تیار ہوں اگر اس سے غریب لوگوں کے گھر بچ جائیں۔ یہاں کوئی تجاوزات نہیں ہیں۔ اگر کوئی عمارت غیر قانونی ہوئی تو میں اسے مسمار کرنے میں ان کا ساتھ دوں گا۔‘‘

خان کا نام 9 مئی کو شاہین باغ میں انہدامی مہم میں مبینہ طور پر رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں ان کے خلاف درج پہلی اطلاعاتی رپورٹ میں بھی شامل تھا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ شہری ادارہ کی یہ کارروائی بی جے پی کی دہلی یونٹ کے سربراہ آدیش گپتا کے جنوبی دہلی کے میئر کو ایک خط لکھنے کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی ہے جس میں ان سے خان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کو کہا گیا تھا۔

بلڈوزر روکنے کے لیے مظاہرین شاہین باغ میں سڑکوں پر بیٹھ گئے تھے۔

دریں اثنا جمعرات کو پریم نگر میں ایک اور مسماری مہم چلائی گئی۔

9 مئی کو جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے شاہین باغ علاقے میں انہدامی مہم چلانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ تاہم زبردست احتجاج کے بعد اسے روک دیا گیا۔

11 مئی کو جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے شہر کے نجف گڑھ، دوارکا اور لودھی کالونی میں مسمار کرنے کی مہم چلائی۔ شہری حکام اور پولیس کو رہائشیوں اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی جانب سے سخت اعتراض کا سامنا کرنا پڑا۔

جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن ویسٹ زون کی چیئرپرسن شویتا سینی نے کہا کہ جنک پوری اور چوکھنڈی میں بھی ایک مہم چلائی گئی۔ انھوں نے کہا کہ جنک پوری کے کچھ باشندوں نے اس مہم کے خلاف احتجاج کیا۔

13 مئی کو کھڈا کالونی کے علاقے میں مہم چلائی جائے گی۔