دہلی ہائی کورٹ نے رمضان کے دوران نظام الدین مرکز کی مسجد کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی

نئی دہلی، اپریل 2: دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو شہر کی نظام الدین مرکز مسجد کے کچھ حصوں کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی ہے تاکہ عقیدت مند رمضان کے مہینے میں نماز ادا کر سکیں، جسے اسلام میں مقدس مہینہ سمجھا جاتا ہے۔

دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے، جس کے تحت مذہبی مقامات پر کووڈ 19 کی تمام پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں، عدالت نے کہا کہ اب عقیدت مندوں کو نظام الدین مرکز مسجد میں بھی نماز پڑھنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

عدالت نے جمعہ کے روز اپنے حکم میں کہا ’’یہ ہدایت دی گئی ہے کہ رمضان المبارک کے لیے مسجد بنگل والی میں گراؤنڈ فلور اور چار منزلوں پر نماز اور مذہبی عبادات کی اجازت دی جائے گی۔ یہ انتظام صرف رمضان کے ایک مہینے کے لیے ہے جس کا اختتام عید الفطر کے ساتھ ہو گا۔‘‘

اس مسجد کو 31 مارچ 2020 سے بند رکھا گیا ہے، جب تبلیغی جماعت کی ایک تقریب کو ملک بھر میں ہزاروں کورونا وائرس کے کیسز کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔

ان لوگوں کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے جنھوں نے جماعت میں شرکت کی تھی، لیکن عدالتوں نے زیادہ تر ایف آئی آرز کو رد کر دیا اور ممبران کو بری کر دیا۔

دہلی وقف بورڈ نے عدالت میں عرضی داخل کرتے ہوئے رمضان کے دوران مسجد کھولنے کی ہدایت مانگی تھی۔

اپنے حکم میں جسٹس جسمیت سنگھ نے واضح کیا کہ احاطے میں کسی بھی لیکچر یا اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔ عدالت نے حکام کو عمارت کی ہر منزل کے داخلے، باہر نکلنے اور سیڑھیوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس سے قبل 16 مارچ کو ہائی کورٹ نے مسجد کو شب برات کے تہوار کے موقع پر ہفتے کے آخر میں دوبارہ کھولنے کی اجازت دی تھی۔