دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کورونا وائرس سے متاثر، بغیر ماسک پہنے انتخابی ریلی میں کی تھی شرکت
نئی دہلی، جنوری 4: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج ٹویٹ کر کہا کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انھوں نے خود کو گھر میں الگ تھلگ کر لیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ان لوگوں سے کہا جو پچھلے کچھ دنوں میں ان کے ساتھ رابطے میں آئے تھے کہ وہ خود کو قرنطینہ میں رکھیں اور اپنا ٹیسٹ کروائیں۔
اتوار کے روز کیجریوال ان سیاسی لیڈروں میں شامل تھے جنھوں نے آنے والے اسمبلی انتخابات سے قبل اتر پردیش میں بھیڑ والے پروگراموں میں شرکت کی۔ ان ریلیوں میں زیادہ تر لیڈر ماسک کے بغیر نظر آئے تھے۔
پیر کو دہلی میں کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4,099 نئے انفیکشن ریکارڈ کیے گئے۔ پیر کو نئے کیسز اتوار کو 3,194 انفیکشن کی تعداد سے 28.33 فیصد زیادہ تھے۔
دہلی میں اس وقت 10,986 فعال کوویڈ 19 کیسز ہیں اور 420 لوگ فی الحال اس بیماری کی وجہ سے اسپتال میں ہیں۔ ان میں سے 124 مریض آکسیجن سپورٹ پر ہیں جب کہ سات مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔
دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کہا کہ اومیکرون قسم اب راجدھانی میں غالب ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں قومی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے 81.28 فیصد کیسز اومیکرون قسم کے تھے۔