اروند کیجریوال نے کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 50،000 روپے کے معاوضے کا اعلان کیا
نئی دہلی، مئی 19: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کے روز کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت کورونا وائرس سے فوت ہونے والے ہر شخص کے خاندان کو 50،000 روپے معاوضہ فراہم کرے گی۔
کیجریوال نے کہا کہ اگر انفیکشن سے مرنے والا شخص کنبہ کا کمانے والا فرد تھا تو حکومت معاوضے کی رقم کے علاوہ ماہانہ 2500 روپے بھی مہیا کرے گی۔
وزیر اعلی نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے عام لوگوں کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت مشکل وقت کے دوران لوگوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرتی آئی ہے۔
کیجریوال نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت مرکزی راشن کے تمام راشن کارڈ ہولڈروں کو 5 کلو راشن مفت فراہم کرے گی اور ساتھ میں مرکزی حکومت کی جانب سے دیا گیا 5 کلو مزید راشن بھی فراہم کرے گی۔ انھوں نے کہا ’’جن لوگوں کے پاس راشن کارڈ نہیں ہے، دہلی حکومت انھیں بھی راشن فراہم کرے گی۔ جو لوگ کہیں گے کہ وہ غریب ہیں، انھیں راشن دیا جائے گا۔‘‘
کیجریوال نے کہا کہ ان کی حکومت نے پہلی لہر کے دوران بھی لوگوں کو راشن فراہم کیا تھا اور اس منصوبے کو کچھ ہی دنوں میں نافذ کردیا جائے گا۔ وزیر اعلی نے کہا ’’اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ وہ غریب ہیں تو ہم آمدنی کا ثبوت پوچھے بغیر اسے راشن دیں گے۔‘‘
وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اگر کوویڈ 19 کی وجہ سے کم از کم ایک کی موت کے ساتھ بچوں نے اپنے والدین کو کھو دیا ہے تو انھیں 25 سال کی عمر تک 2500 روپیے ماہانہ دیے جائیں گے۔ دہلی حکومت ان کی تعلیم بھی مفت فراہم کرے گی۔
معلوم ہو کہ دہلی کو کورونا وائرس وبائی بیماری کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ اس انفیکشن کو روکنے کے لیے کیجریوال حکومت نے 19 اپریل کو لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ہر ہفتے اس میں توسیع کی گئی ہے۔ توقع ہے کہ اس کا اختتام 24 مئی کو ہوگا۔
لاک ڈاؤن کے دوران کورونا وائرس کے یومیہ معاملات اور مثبت شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مثبت شرح اپریل میں 30 فیصد کو عبور کر چکی تھی۔ منگل کو یہ شرح 8.42 فیصد رہی۔