دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ میٹرو اسٹیشن کے قریب پارکنگ ایریا میں آگ لگنے سے کم و بیش 90 گاڑیوں کو نقصان پہنچا

نئی دہلی، جون 8: آج صبح دہلی کے جامعہ نگر میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک پارکنگ ایریا میں زبردست آگ لگ گئی، جس میں کم از کم 90 گاڑیاں جل گئیں۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے بتایا کہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

دہلی فائر سروس کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے بتایا کہ محکمہ کو صبح 5 بجے کے قریب جامعہ نگر علاقے کے مین تکونا پارک میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ آگ بجھانے کے لیے گیارہ فائر ٹینڈرز تعینات کیے گئے تھے۔

گرگ نے کہا ’’میٹرو پارکنگ میں 10 کاریں، ایک موٹر سائیکل، دو اسکوٹر، 30 نئے ای رکشا اور 50 پرانے ای رکشا سمیت کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔‘‘

گرگ نے مزید کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا۔

آگ لگنے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا کہ جب آگ لگی تو پارکنگ مینیجر اندر موجود تھا۔