مختصر مختصر: ’’آکسیجن کی کمی کی وجہ سے موت نسل کشی سے کم نہیں‘‘، الہ آباد ہائی کورٹ نے اترپردیش حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا، دیگر اہم خبریں
- بار اینڈ بنچ کے مطابق الہ آباد ہائی کورٹ نے اتر پردیش میں کورونا وائرس کے انتظام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ عدالت نے کہا ’’ہمیں یہ مشاہدہ کرنے میں تکلیف ہے کہ اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے کوویڈ سے متاثر مریضوں کی موت ایک مجرمانہ فعل ہے اور یہ لوگوں کی نسل کشی سے کم نہیں ہے۔ جن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ مائع طبی آکسیجن کی مسلسل خریداری اور سپلائی چین کو یقینی بنائیں۔‘‘
- مرکزی وزارت صحت کے مطابق دہلی کے دو اسپتالوں، ایمس اور رام منوہر لوہیا، میں طبی آکسیجن پلانٹس کی تنصیب کا کام منگل کی رات مکمل ہونے کی امید تھی۔ وہ آج شام تک کام کرنا شروع کر سکتے ہیں۔
- دہلی ہائی کورٹ نے منگل کے روز مرکزی حکومت کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ دارالحکومت کو آکسیجن کی فراہمی سے متعلق عدالت کے احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں شروع نہ کی جائے۔
- متحدہ عرب امارات نے منگل کو کورونا وائرس کے معاملات میں اضافے کے درمیان ہندوستان سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی میں توسیع کردی۔ تاہم وزارت خارجہ کے بیان میں یہ معطلی ختم کرنے کی کوئی تاریخ متعین نہیں کی گئی ہے۔
- کرناٹک نے صحافیوں کو ترجیحی طور پر ویکسین دینے کے لیے انھیں فرنٹ لائن ورکر (صف اول کے کارکنان) قرار دے دیا۔ کئی دیگر ریاستوں جیسے پنجاب، مدھیہ پردیش، اوڈیشہ اور تمل ناڈو نے بھی اسی طرح کے اقدامات اٹھائے ہیں۔
- جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق دسمبر 2019 میں وبائی امراض پھیلنے کے بعد سے اب تک پوری دنیا میں 15.31 کروڑ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 32.09 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔