کووڈ19: امریکہ نے بھارت کے ویکسینیشن پروگرام کے لیے 25 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا
نئی دہلی، جولائی 29: ریاستہائے متحدہ امریکہ نے بدھ کے روز ہندوستان کو اس کے کووڈ19 ویکسینیشن پروگرام میں مدد کے لیے 25 ملین ڈالر(186.32 کروڑ روپے) کی امداد کا اعلان کیا۔ یہ اعلان امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے اپنے ہندوستانی دورے کے دوران کیا۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مالی امداد ریاستہائے متحدہ کی ایجنسی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ یا یو ایس اے آئی ڈی (یو ایس ایڈ) کے تحت فراہم کی گئی ہے۔ یو ایس ایڈ وزارت صحت اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ شراکت کرے گا۔ اس رقم کا استعمال ویکسین سپلائی چین لاجسٹکس کی مدد کرنے، غلط اطلاع سے بچنے اور ویکسین ہچکچاہٹ کو دور کرنے اور ہندوستان میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی تربیت کے لیے کیا جائے گا۔
یو ایس ایڈ نے بتایا کہ اس نے مارچ 2020 سے ہندوستان کو کووڈ 19 امداد کے طور پر 226 ملین ڈالر سے زیادہ (تقریباً 1،670 کروڑ روپیے) مختص کیے ہیں۔
دریں اثنا بدھ کی سہ پہر وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے، جنھوں نے بلنکن کے ساتھ ایک میٹنگ کی، امریکہ کی جانب سے کووڈ 19 ویکسین تیار کرنے کے لیے درکار خام مال کی فراہمی کے راستے کھلے رکھنے کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
جون میں ریاستہائے متحدہ امریکہ نے اپنے دفاعی پیداوار ایکٹ کے نفاذ کو ختم کردیا تھا، جس نے دواساز کمپنیوں آسٹرا زینیکا، نوووایکس اور سونوفی کے ذریعہ تیار کردہ ویکسین کے لیے ملک سے خام مال کی فراہمی کی اجازت دے دی تھی۔ اس قانون کے تحت فروری میں امریکی انتظامیہ کو ’’مختصر مدت‘‘ کے لیے مصنوعات کی تقسیم پر قابو پانے کے اختیارات دیے گئے تھے۔ امریکہ ملک میں ویکسین کی پیداوار کو بڑھانا چاہتا تھا۔