کورونا وائرس: ایک ہی دن میں سامنے آئے 1،15،736 نئے معاملات، اب تک کا سب سے بڑا اضافہ
نئی دہلی، اپریل 7: وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ایک دن میں ملک بھر میں کوروناو وائرس کے ریکارڈ 1،15،736 معاملے سامنے آئے ہیں۔ یہ معاملات کی تعداد میں اب تک کا سب سے بڑا یک روزہ اضافہ ہے۔
اس اضافے کے ساتھ ہی اب ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1،28،01،785 یعنی 1.28 کروڑ سے زیادہ ہوگئی۔ وہیں 630 مزید ہلاکتوں کی اطلاع کے ساتھ ہی اموات کی تعداد بھی بڑھ کر 1،66،177 ہوگئی۔
ملک میں فی الحال 8،43،473 فعال کیسز ہیں۔
مقدمات کی تعداد میں سب سے بڑٓ یک روزہ اضافہ مرکز کے اس انتباہ کے ایک دن بعد ہوا ہے کہ اگلے چار ہفتے ہمارے لیے نہایت ’’نازک‘‘ ہوں گے۔ پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کی کوویڈ 19 ٹاسک فورس کے چیف وی کے پال نے کہا کہ وائرس کی دوسری لہر پر قابو پانے کے لیے لوگوں کی شراکت بہت ضروری ہے۔
پال نے کہا ’’وبائی مرض کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور یہ پچھلی بار کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ کچھ ریاستوں میں یہ (صورت حال) دوسروں سے بدتر ہے لیکن اس معاملے میں ملک بھر میں اضافہ دیکھا جاسکتا ہے۔ اگلے چار ہفتوں تک بہت نازک صورت حال رہنے والی ہے۔‘‘
تاہم مرکز نے اب بھی کورونا وائرس ویکسینیشن کے لیے عمر کی حد میں نرمی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ترجیح یہ تھی کہ ’’ان لوگوں کو ویکسین دی جائے جن کو اس کی ضرورت ہے نہ کہ ان کو جو چاہتے ہیں۔‘‘
انڈین ایکسپریس کے مطابق پال نے کہا ’’ہمیں جو معلوم کہ وہ یہ ہے کہ ویکسین اموات اور شدید بیماریوں کو کم کرتی ہیں اور جانوں کی حفاظت کرتی ہے… ہمیں اپنے آپ سے پوچھنا ہے کہ کیا ہم نے 45 سال یا اس سے زیادہ عمر کے ہر فرد کو کور کیا ہے؟ ہمیں پہلے موجودہ حکمت عملی اپنانی چاہیے۔‘‘
ٹاسک فورس کے سربراہ نے مزید کہا کہ اس سوال کا ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا ہے کہ آبادی کب تک herd Ummunity حاصل کرے گی۔