شکست کے خوف سے ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی سازش کی گئی:وزیر کا بی جے پی پر سنگین الزام
تلنگانہ کے وزیر سرینواس گوڑنے کہا ہے کہ منوگوڑو اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں شکست کے خوف سے حکمراں پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کو خریدنے کی سازش کی جارہی تھی۔
نئی دہلی: تلنگانہ کے وزیر سرینواس گوڑنے کہا ہے کہ منوگوڑو اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں شکست کے خوف سے حکمراں پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کو خریدنے کی سازش کی جارہی تھی۔انہوں نے الزام لگایا کہ ان ارکان اسمبلی کوخریدتے ہوئے ٹی آرایس کی حکومت کو گرانے کی سازش کی جارہی تھی اور اس کے ایک حصے کے طور پر وہ ہر ایم ایل اے کو 100 کروڑ روپے میں خریدنا چاہتے تھے۔ وزیر سرینواس گوڑ نے منوگوڑو کے ضمنی انتخاب کی مہم کے حصہ کے طور پر چوٹ اُپل میونسپلٹی کے لنگوجی گوڑم میں گھر گھرجاکر رائے دہندوں سے ملاقات کی اور ٹی آرایس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے ٹی آر ایس کےایم ایل اے کو خریدنے کی سازش کرنے والے بی جے پی لیڈروں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سیاہ شرٹ پہن کر انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ 100 کروڑروپے دے کر ٹی آرایس کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی سازش سامنے آنے کے بعد بی جے پی کی مذموم سیاست کھل کر سامنے آگئی ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ کوئی بھی ان کے ایم ایل ایز کو نہیں خرید سکتا، جس طرح بی جے پی نے کانگریس کے ایم ایل اے راج گوپال ریڈی کو خریدا ہے۔انہوں نے کہا کہ اڈانی اور امبانی سے ملنے والی رقم سے ایم ایل ایز کو خریدنے کی سازش کی گئی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ٹی آرایس حکومت کئی لاکھ افرادکو پنشن دے رہی ہے جس کی نظیر کہیں اور نہیں ملتی۔