کانگریس آسام میں اقتدار میں آنے پر سی اے اے کو روکنے کے لیے قانون لائے گی: پرینکا گاندھی

گوہاٹی (آسام)، مارچ 3: منگل کو کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ اگر آسام میں کانگریس کو اقتدار میں لایا گیا تو پارٹی شہریت ترمیمی قانون کے نفاذ کو روکنے کے لیے ایک قانون متعارف کرائے گی۔

پرینکا گاندھی نے اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست کے دو روزہ دورے کے دوران تیج پور شہر میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

گاندھی کے ذریعے سی اے اے کی روک تھام کے قانون کے بارے میں اعلان ان پانچ ’’ضمانتوں‘‘ میں سے ایک ہے جن پر کانگریس پارٹی اپنی انتخابی مہم میں روشنی ڈال رہی ہے۔

سی اے اے کو روکنے کے لیے قانون کے علاوہ کانگریس لیڈر نے دوسری دیگر ضمانتوں میں پانچ لاکھ سرکاری ملازمتوں، گھریلو خواتین کے لیے ماہانہ 2 ہزار روپے آمدنی کی سہولیات، چائے کے باغ کے کارکنوں کی یومیہ اجرت میں 365 روپے اضافہ اور ہر گھر میں 200 یونٹ تک مفت بجلی کی سہولیات شامل ہیں۔

پرینکا گاندھی نے کہا ’’مجھے معلوم ہے کہ رہنما آتے ہیں، وعدے کرتے ہیں اور پھر ان کو بھول جاتے ہیں، لہذا میں وعدے نہیں کروں گی، بلکہ آپ کو پانچ ضمانتیں دوں گی۔‘‘

گاندھی نے مزید کہا ’’یہ انتخاب اعتماد کا انتخاب ہے۔ پانچ سال قبل آسام کے لوگوں کو ایک پارٹی نے دھوکہ دیا تھا جس نے انھیں 25 لاکھ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا لیکن اس کے بجائے انھیں سی اے اے دیا۔‘‘

دی ہندو کی خبر کے مطابق کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور پارٹی کی منشور کمیٹی کے چیئرپرسن گورو گوگوئی اور مہم کمیٹی کے سربراہ پردیوت بورڈولوئی نے بھی کہا کہ یہ ضمانتیں لوگوں سے حاصل کیے گئے تاثرات پر مبنی ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال 10 جنوری کو منظور کیے گئے شہریت ترمیمی قانون کو مذہبی بنیاد پر شہریت دینے کے سبب بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور مسلمانوں اور اکیڈمک لوگوں کو خدشہ ہے کہ این آر سی کے ساتھ اس کا استعمال ان کی شہریت اور حق رائے دہندگی کو چھیننے کے لیے کیا جاسکتا ہے۔

آسام میں اسمبلی انتخابات 27 مارچ، یکم اپریل اور 6 اپریل کو تین مراحل میں منعقد ہوں گے۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان 2 مئی کو ہوگا۔