مختصر خبریں: کانگریس نے قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے کیے، دیگر اہم خبریں

  1. مہنگائی کے خلاف مظاہرے کرنے پر کانگریس قائدین کو چھ گھنٹے تک حراست میں رکھنے کے بعد رہا کیا گیا: 65 ارکان پارلیمنٹ سمیت 300 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا گیا تھا۔ حراست میں لیے گئے افراد میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا، ملکارجن کھڑگے اور ادھیر رنجن چودھری بھی شامل تھے۔
  2. آر بی آئی نے ریپو ریٹ کو 50 بیسس پوائنٹس بڑھا کر 5.4 فیصد کر دیا، کہا کہ افراط زر بلند رہنے کی توقع ہے: ہندوستان کی خوردہ افراط زر جون تک مسلسل چھ مہینوں کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا کی بالائی برداشت کی سطح 6 فیصد سے اوپر رہی ہے۔
  3. ہندو دیوتاؤں کی مبینہ طور پر قابل اعتراض تصویر شائع کرنے پر یوپی میں ایف آئی آر کے بعد ’دی ویک‘ نے معذرت کی: ماہر معاشیات بِبیک ڈیبرائے نے کالی کے بارے میں اپنے کالم کے لیے منتخب کردہ تصویر کی وجہ سے میگزین سے اپنا تعلق ختم کر دیا۔
  4. پارتھا چٹرجی اور ان کے معاون کو اساتذہ کی بھرتی سے متعلق گھوٹالہ میں 18 اگست تک عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا: چٹرجی کے وکیل نے یہ کہتے ہوئے ضمانت کی درخواست کی کہ وہ اب کوئی بااثر شخص نہیں ہیں اور تحقیقات سے نہیں بھاگیں گے۔
  5. وینکیا نائیڈو کا کہنا ہے کہ ممبران پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران فوجداری مقدمات میں گرفتاری سے استثنیٰ حاصل نہیں ہے: راجیہ سبھا کے چیئرمین نے یہ تبصرہ اس کے ایک دن بعد کیا جب قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے ایوان میں رہتے ہوئے ای ڈی کے ذریعہ طلب کیے جانے پر اعتراض کیا تھا۔
  6. باوقار آخری رسومات کے لیے قواعد پر عمل کرنے کے لیے حکام کو حساس بنائیں، ہائی کورٹ نے یوپی کو ہاتھرس اجتماعی عصمت دری کیس میں کہا: 2020 میں ایک دلت خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور قتل کرنے کے بعد اس کے خاندان نے الزام لگایا تھا کہ اس کے آخری رسومات کے دوران پولیس نے انھیں ان کے گھر میں بند کر دیا تھا۔
  7. بہار کے سارن ضلع میں جعلی شراب پینے سے 9 افراد ہلاک، 17 بینائی سے محروم: ریاست میں اپریل 2016 سے شراب کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد ہے۔ اس سال سارن ضلع میں جعلی شراب سے ہونے والی اموات کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل جنوری میں پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
  8. ای ڈی نے کرپٹو ایکسچینج وزیر ایکس کے 64.67 کروڑ روپے کے بینک اثاثوں کو منجمد کر دیا: کمپنی فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ سے متعلق دو معاملات میں زیر تفتیش ہے۔
  9. آرے کے جنگلات میں کوئی درخت نہیں کاٹا گیا، صرف گھاس اور جھاڑیوں کو صاف کیا گیا ہے، ممبئی میٹرو ریل اتھارٹی نے سپریم کورٹ کو بتایا: عرضی گزاروں کے ایک گروپ نے الزام لگایا تھا کہ میٹرو کار شیڈ پروجیکٹ پر 2019 کے جمود کے حکم کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے تاکہ علاقے میں درختوں کو کاٹ دیا جائے۔
  10. ٹویٹر نے ایلون مسک کے ان دعووں کو مسترد کر دیا کہ کمپنی کو خریدنے کے معاہدے میں انھیں دھوکہ دیا گیا تھا: سوشل میڈیا کمپنی نے ارب پتی مسک پر مقدمہ دائر کیا ہے، جب مسک، اسے خریدنے کے لیے 44 بلین ڈالر کے معاہدے سے پیچھے ہٹ گئے۔