بیوروکریسی کی مدد سے یوپی میں کوویڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کا سی ایم آدتیہ ناتھ کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے: بی جے پی ایم ایل اے

بلیا (اترپردیش)، یکم مئی: اترپردیش کے بیریا حلقہ سے بی جے پی کے ممبر اسمبلی سریندر سنگھ نے جمعہ کو ریاستی حکومت کی COVID-19 کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے طریقۂ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا بیوروکریٹس کی مدد سے وبائی بیماری پر قابو پانے کا تجربہ ناکام ہوگیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ نظام بیوروکریسی کو نہیں بلکہ منتخب عوامی نمائندوں کے گرد مرکوز رکھنا چاہیے۔ سنگھ نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’بیوروکریسی کی مدد سے وبائی مرض کو کنٹرول کرنے کا وزیر اعلی (یوگی) آدتیہ ناتھ کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔‘‘

سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے وزرا اور ممبران پارلیمنٹ کورونا وائرس میں مبتلا ہورہے ہیں اوران کا مناسب علاج نہیں پاسکنا ریاست میں اس نظام کی کوتاہی سمجھا جائے گا۔

انھوں نے دعوی کیا کہ بی جے پی کے وزرا اور ممبران اسمبلی علاج کی کمی کی وجہ سے مر رہے ہیں۔

عہدیداروں کے مطابق جمعرات تک اتر پردیش میں متاثرین کی مجموعی تعداد 12،17،955 اور مرنے والوں کی تعداد 12،241 تھی۔