کسانوں کے احتجاج کے درمیان مرکز نے دھان اور دوسری فصلوں کے لیے ایم ایس پی میں اضافہ کیا
نئی دہلی، جون 9: مرکزی حکومت نے بدھ کے روز 2021-22 سال کے لیے دھان کی ایم ایس پی میں اضافہ کرتے ہوئے 1،940 روپے فی کوئنٹل قیمت مقرر کی ہے۔ یہ اضافہ 4 فیصد سے بھی کم ہے کہ پچھلے سال کی قیمت 1،868 روپے تھی۔
ایم ایس پی وہ شرح ہے جس پر حکومت زرعی پیداوار خریدتی ہے اور کسانوں کے ذریعہ خرچ ہونے والی لاگت میں کم سے کم ڈیڑھ گنا زیادہ قیمت کے حساب پر مبنی ہوتی ہے۔ عام طور پر بہت ساری فصلوں کے لیے بازار کی قیمتیں ایم ایس پی سے کم ہوتی ہیں۔
مرکزی کابینہ نے دیگر خریف فصلوں کی قیمتوں میں اضافے کی بھی منظوری دی۔ قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ سیسم میں ہوا، جس کی ایم ایس پی 6.6 فیصد اضافے سے 73030 روپے فی کوئنٹل ہوگئی۔ تور اور اُرد کی قیمتوں میں 300 روپے کا اضافہ کرتے ہوئے 6،300 روپے فی کوئنٹل ایم ایس پی مقرر کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا ’’ایم ایس پی موجود ہے، اس میں اضافہ کیا جارہا ہے اور مستقبل میں بھی یہ جاری رہے گا۔‘‘
حکومت کا یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہزاروں کسان چھ ماہ سے زیادہ عرصے سے دہلی کے باہر احتجاج کر رہے ہیں اور تینوں نئے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کسانوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ایم ایس پی کی قانونی ضمانت چاہتے ہیں۔
احتجاج کے حل کے لیے کسان گروپوں اور مرکزی حکومت کے درمیان بات چیت اس وقت سے مکمل طور پر تعطل کا شکار ہے جب کسان یونینوں نے نئے قوانین کو عارضی طور پر دو سال کے لیے معطل کرنے کی مرکز کی پیش کش کو مسترد کردیا تھا۔ آخری بار دونوں فریقین نے 22 جنوری کو ملاقات کی تھی۔ تب سے اکثر کسان رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ حکومت سے دوبارہ بات کرنے پر راضی ہیں۔
آج مرکزی وزیر تومر نے کہا کہ مودی سرکار دوبارہ بات چیت شروع کرنے کے لیے تیار ہے لیکن فارم یونینوں کو قوانین کی دفعات پر اپنے اعتراضات کی نشاندہی ’’معقول وجوہات‘‘ کے ساتھ کرنی چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا ’’ہم سنیں گے اور کوئی حل تلاش کریں گے۔‘‘