کرن رجیجو کا کہنا ہے کہ مرکز انتخابی قوانین میں اصلاحات پر الیکشن کمیشن کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے
نئی دہلی، اکتوبر 6: مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے بدھ کو ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ مرکزی انتخابی اصلاحات کو قانون سازی کی حمایت دینے کے لیے عوامی نمائندگی ایکٹ میں ترمیم کے بارے میں الیکشن کمیشن کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔
انھوں نے یہ بیان پولنگ پینل کی اس تجویز کے ایک دن بعد دیا جس میں کہا گیا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو اس بات کی تفصیلات فراہم کرنی چاہئیں کہ وہ اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا ارادہ کیسے رکھتی ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رجیجو نے کہا کہ ’’بدلتے وقت اور حالات‘‘ کچھ انتخابی قوانین کی نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہیں جو شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانے میں ناکام ہیں۔
وزیر قانون نے اخبار کو بتایا ’’میں پہلے ہی الیکشن کمیشن کے ساتھ تفصیلی بات چیت کر رہا ہوں تاکہ [عوام کی نمائندگی ایکٹ] اور دیگر انتخابی قوانین میں بڑی تبدیلیوں کا مطالعہ کیا جا سکے۔ مرکز اہم انتخابی اصلاحات کے لیے مناسب مشاورت کے بعد اقدامات کرے گا جو نئے بدلتے وقت اور حالات کے مطابق ضروری ہیں۔‘‘
منگل کو الیکشن کمیشن نے تمام تسلیم شدہ قومی اور ریاستی جماعتوں کو ایک خط میں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ رہنما خطوط میں ترمیم کرنے کی اپنی تجویز کے بارے میں لکھا تھا۔ رہنما خطوط میں کہا گیا تھا کہ پارٹیوں کی طرف سے اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں کے مالی اثرات کو شامل کرنا چاہیے۔
سپریم کورٹ فی الحال بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اشونی اپادھیائے کی طرف سے دائر مفاد عامہ کی عرضی کی سماعت کر رہی ہے جس میں انتخابی مہم کے دوران پارٹیوں کی طرف سے کیے گئے ’’غیر معقول مفت چیزوں کے وعدے‘‘ اور ’’نجی سامان‘‘ کو غیر قانونی قرار دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ایک نامعلوم اہلکار نے بدھ کو دی ہندو کو بتایا کہ یہ تجویز کہ سیاسی جماعتوں کو یہ بتانا چاہیے کہ وہ اپنے انتخابی وعدوں کی مالی اعانت کس طرح کرتے ہیں ’’فری بیز‘‘ کے بارے میں جاری بحث سے منسلک نہیں ہے۔
اہلکار نے کہا کہ انتخابی پینل کچھ عرصے سے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ میں مجوزہ اضافے پر کام کر رہا تھا اور سیاسی جماعتوں کے ذریعے پُر کرنے کے لیے ایک پرفارما تیار کر رہا تھا۔
ایک اور اہلکار نے اخبار کو بتایا کہ کمیشن نے گذشتہ ہفتے ایک میٹنگ میں اس بارے میں سیاسی جماعتوں کو لکھنے کا فیصلہ کیا۔
تاہم کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے بدھ کو ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ میں مجوزہ ترامیم کو ایک غیر ضروری اقدام قرار دیا۔
پارٹی نے کہا ’’یہ الیکشن کمیشن کا کام نہیں ہے کہ وہ پالیسی کے ان اعلانات اور فلاحی اقدامات کو منظم کرے جن کا سیاسی جماعتوں نے عوام سے وعدہ کیا تھا۔‘‘
سی پی آئی (ایم) نے نوٹ کیا کہ پولنگ پینل نے اپریل میں سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ وہ سیاسی جماعتوں کے پالیسی فیصلوں کو منظم نہیں کر سکتا۔ پارٹی نے پوچھا کہ کیا ایگزیکٹیو کے دباؤ کی وجہ سے کمیشن نے اپنا موقف تبدیل کیا ہے؟