مغربی بنگال میں کانگریس کے امیدوار نے الزام لگایا کہ ای وی ایم اسٹرونگ روم میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے ایک خاص وقت کے لیے دو مرتبہ بند کیے گئے

مغربی بنگال، اپریل 5: مغربی بنگال کے باغ منڈی اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے امیدوار نے ایک سرکاری شکایت درج کروائی ہے جس میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ ہفتہ کے روز اسٹورڈ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی ویڈیو فیڈ جاری کرنے والے سی سی ٹی وی کیمرے ایک گھنٹے کے لیے بند کردیے گئے تھے۔ اسکرول ڈاٹ اِن کے مطابق شکایت درج کروانے کے باوجود اتوار کے روز کیمرے دوبارہ بند کردیے گئے تھے۔

باغ منڈی حلقہ پورولیا ضلع میں ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران 27 مارچ کو یہاں ووٹنگ ہوئی تھی۔ ووٹوں کی گنتی 36 دن کے بعد 2 مئی کو، ووٹنگ کے تمام مراحل کے اختتام کے بعد ہوگی۔

3 اپریل کو کانگریس کے امیدوار نیپال چندر مہتا نے ضلع پورولیا میں انتخابات کے انعقاد کے ذمہ دار ریٹرننگ افسر کو ایک خط لکھا۔ خط میں اس نے سی سی ٹی وی کیمرے صبح 10.05 سے صبح 11:05 تک ایک اسٹراونگ روم میں بند ہونے کی نشان دہی کی۔

انھوں نے لکھا ’’میں آپ سے گزارش کرتے ہوئے بے حد تکلیف محسوس کرتا ہوں کہ مجھے اس کی وجہ بتائیں کہ پورولیا پولی ٹیکنک میں اسٹورنگ روم میں پہلے سے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے ایک خاص وقت کے لیے کیوں بند کیے گئے تھے۔‘‘

اس کی شکایت کے باوجود، انھوں نے الزام لگایا کہ اتوار کے روز اسٹور روم میں ایک بار اور کیمرے بند کیے گئے۔ مہتا نے بتایا کہ اتوار کو بھی کیمرے صبح 9:30 سے ​​صبح 10:30 بجے تک بند رہے۔

ای وی ایم سیفٹی کے بارے میں یہ تنازعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب جمعہ کے روز آسام کے رتباری حلقہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کی ملکیت والی گاڑی میں ووٹنگ مشین پائی گئی تھی۔ اس کے بعد کمیشن نے وہاں دوبارہ انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے چار اہلکاروں کو معطل کردیا۔