مایاوتی کا کہنا ہے کہ بی ایس پی اتر پردیش اور اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات میں اکیلے ہی مقابلہ کرے گی، اے آئی ایم آئی ایم کے ساتھ اتحاد کی خبروں کو مسترد کیا

نئی دہلی، جون 27: بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین سے اتحاد کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے آج واضح کیا کہ ان کی پارٹی اترپردیش اسمبلی انتخابات 2022 میں اکیلے ہی مقابلہ کرے گی۔

ایک ٹویٹس کے سلسلے میں انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات بھی اکیلے ہی لڑے گی۔

مایاوتی نے ٹویٹ کیا ’’کل سے ایک میڈیا چینل پر ایک خبر نشر کی جارہی ہے کہ اے آئی ایم آئی ایم اور بی ایس پی یوپی میں آئندہ اسمبلی انتخابات مل کر لڑیں گے۔ یہ خبر سراسر غلط، گمراہ کن اور بے بنیاد ہے۔ اس میں سچائی کا ایک حرف بھی نہیں ہے اور بی ایس پی اس کی سختی سے تردید کرتی ہے۔‘‘

نیوز 18 کے مطابق یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ مایاوتی اور اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے کئی دور کی بات چیت کی ہے اور وہ اس اتحاد کو باقاعدہ بنانے کے لیے اگلے ماہ لکھنؤ آ رہے ہیں۔

معلوم ہو کہ بی ایس پی اس وقت بحران کا شکار ہے۔ پارٹی نے مئی میں ہونے والے پنچایت انتخابات میں غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی اور سماج وادی پارٹی کے پیچھے تیسری پوزیشن پر رہی۔

بی ایس پی نے اپنے دو سینئر رہنماؤں لال جی ورما اور رامچل راجبھر کو بھی پارٹی مخالف سرگرمیوں کے سبب پارٹی سے نکال دیا تھا۔ راجبھر مایاوتی کی زیر اقتدار حکومت میں ریاستی وزیر تھے۔ ورما اترپردیش اسمبلی میں مقننہ پارٹی کے رہنما تھے۔

دریں اثنا پندرہ جون کو بی ایس پی کے ذریعہ پچھلے چار سالوں میں برطرف کیے گئے نو اراکین اسمبلی نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی تھی۔ یادو نے اس ملاقات کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں، لیکن کہا کہ وہ جلد ہی ان کی پارٹی میں شامل ہوجائیں گے۔

مایاوتی کی پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات صرف اکیلے ہی لڑ رہی ہے۔ مارچ میں بھی اس نے اعلان کیا تھا کہ بی ایس پی دوسرے سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے ’’تلخ تجربات‘‘ کے سبب اکیلے ہی انتخابات لڑے گی۔

تاہم بی ایس پی نے اگلے سال پنجاب میں اسمبلی انتخابات لڑنے کے لیے شیرومانی اکالی دل کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ ریاست میں 31 فیصد دلت ووٹوں پر بی ایس پی کا کافی اثر ہے۔ وہ 117 میں سے 20 نشستوں پر مقابلہ کرے گی۔ باقی 97 نشستیں شیرومانی اکالی دل کو الاٹ کی گئی ہیں۔