بی جے پی تشدد بھڑکانے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بھیج رہی ہے: ممتا بنرجی
نئی دہلی، اپریل 11: بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کے روز ایک فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کی ساکھ پر سوال اٹھایا جس نے تشدد پر ایک عبوری رپورٹ گورنر سی وی آنند بوس کو پیش کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں حالات اب معمول پر ہیں اور بی جے پی نے فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کو تشدد بھڑکانے کے لیے بھیجا ہے۔
پٹنہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس ایل نرسمہا ریڈی کی قیادت میں ایک فیکٹ فائنڈنگ پینل نے کہا کہ 30 مارچ کو ہونے والا تشدد منصوبہ بند اور منظم تھا۔ اس میں الزام لگایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ایک ’’انتہائی اشتعال انگیز تقریر‘‘ تشدد کا محرک ہے۔
کمیٹی نے کہا کہ رام نومی سے پہلے بنرجی نے ایک تقریر میں کہا کہ حکام کسی بھی ایسے جلوس کے خلاف سخت کارروائی کریں گے جو مسلم علاقوں سے گزرے گا۔
کمیٹی کی جانب سے اپنی رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد جسٹس (ریٹائرڈ) ریڈی نے کہا کہ گورنر نے پینل کے ارکان کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس کا جائزہ لیں گے۔
تاہم بنرجی نے پوچھا کہ جب حالات معمول پر آ گئے ہیں تو حقائق تلاش کرنے والی ٹیم کی کیا ضرورت تھی۔ این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق اس نے یہ بھی سوال کیا کہ کمیٹی کو کس نے اختیار دیا۔
بنرجی نے نامہ نگاروں سے کہا ’’آپ مجھے بتائیں کہ کیا یہ ایسی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی ہے جسے سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ نے اختیار دیا ہے، یا یہ حکومت کی طرف سے ہے، یا پارٹی کی طرف سے ہے؟ اگر پارٹی کی طرف سے اس کی تصدیق کی گئی ہے تو اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔‘‘
بنرجی نے دعویٰ کیا کہ تشدد میں ملوث افراد کو بہار کے مونگیر ضلع سے لایا گیا تھا۔
انھوں نے سوال کیا کہ ’’جلوس میں حصہ لینے والوں میں سے کچھ ہتھیار اور بلڈوزر کیوں لائے؟ کس کی اجازت سے؟ یہ سب غیر قانونی ہے۔‘‘