بی جے پی ملک دشمن ہے، اس نے منی پور میں ہندوستان کا قتل عام کیا ہے: راہل گاندھی
نئی دہلی، اگست 9: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بدھ کو لوک سبھا میں کہا کہ نریندر مودی حکومت نے ’’منی پور میں ہندوستان کا قتل کیا ہے۔‘‘
کانگریس لیڈر نے 7 اگست کو وایاناڈ سے رکن پارلیمنٹ کے طور پر بحال ہونے کے بعد ایوان زیریں میں اپنی پہلی تقریر میں یہ بیان دیا۔ سپریم کورٹ کی طرف سے مجرمانہ ہتک عزت کے مقدمے میں ان کی سزا پر روک لگانے کے تین دن بعد ان کی رکنیت کو بحال کیا گیا تھا۔
راہل گاندھی نے بدھ کو پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث کے دوران کہا ’’ہندوستان اپنے عوام کی آواز ہے۔ آپ نے منی پور میں اس آواز کو قتل کر دیا۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ نے منی پور میں بھارت ماتا کا قتل کیا۔ آپ نے منی پور کے لوگوں کو مار کر ہندوستان کو مار ڈالا ہے۔ آپ غدار ہیں محب وطن نہیں۔‘‘
کانگریس لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے تشدد سے متاثرہ ریاست کا دورہ نہیں کیا کیوں کہ وہ اسے ہندوستان کا حصہ نہیں مانتے۔
گاندھی نے کہا کہ وہ حال ہی میں ریلیف کیمپوں کا دورہ کرنے منی پور گئے تھے۔ انھوں نے مزید کہا ’’میں نے لفظ ‘منی پور’ استعمال کیا، لیکن آج کی سچائی یہ ہے کہ منی پور کا اب کوئی وجود نہیں ہے۔ آپ نے منی پور کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔‘‘
کانگریس کے سابق سربراہ نے کہا کہ ہندوستانی فوج صرف ایک دن میں منی پور میں امن قائم کر سکتی ہے، لیکن حکومت فوج کی خدمات استعمال کرنے کو تیار نہیں ہے۔
گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت پر منی پور کے ساتھ ساتھ ہریانہ میں تشدد بھڑکانے کا الزام لگایا۔ انھو نے کہا ’’آپ پورے ملک میں مٹی کا تیل چھڑک رہے ہیں۔ آپ نے منی پور میں مٹی کا تیل چھڑکا اور پھر ایک چنگاری جلائی۔ اب آپ ہریانہ میں بھی ایسا ہی کر رہے ہیں۔ آپ پورے ملک کو آگ لگا رہے ہیں۔‘‘
اس سے قبل حزب اختلاف کے اتحاد نے منگل کو مرکزی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث شروع کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے ایسا اس لیے کیا تاکہ مودی کو منی پور کی صورت حال پر بات کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔
شمال مشرقی ریاست میں 3 مئی کو تشدد شروع ہونے کے بعد سے کم از کم 187 افراد ہلاک اور تقریباً 60,000 اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔