بہار: اورنگ آباد شہر میں آگ لگنے سے کم از کم 25 افراد زخمی

نئی دہلی، اکتوبر 29: بہار کے اورنگ آباد شہر میں ہفتہ کی اولین ساعتوں میں ایک گھر میں آگ لگنے کے سبب کم از کم 25 افراد زخمی ہو گئے۔

یہ واقعہ شہر کے شاہ گنج علاقے میں صبح 2.30 بجے کے قریب پیش آیا، جب انیل گوسوامی نامی شخص کے خاندان والے چھٹھ پوجا کے تہوار کے لیے کھانا بنا رہے تھے۔

پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ تاہم این ڈی ٹی وی کے مطابق آگ نے شدت اختیار کر لی اور موقع پر ایک زور دار سلنڈر دھماکہ ہوا۔

زخمیوں میں سے کچھ کو اورنگ آباد کے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جب کہ کچھ کو پرائیویٹ نرسنگ ہوم میں داخل کرایا گیا ہے۔

سب انسپکٹر ونے کمار سنگھ نے کہا کہ انتظامیہ نے ابھی تک آگ لگنے کی وجہ کی تصدیق نہیں کی ہے۔ تاہم گوسوامی نے کہا کہ آگ گیس کے پھٹنے کی وجہ سے لگی۔