بھارت جوڑو یاترا ملک کوایک دھاگے میں جوڑنےاور ہر سازش کا جواب ہے:راہل
نئی دہلی، ستمبر 8: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ آج قوم کے اتحاد کی علامت ترنگا، ملک کی یکجہتی اور سالمیت پربی جے پی اور آر ایس ایس کی پالیسیوں کی وجہ سے زبردست خطرہ منڈلارہا ہے اور ‘بھارت جوڑویاترا’ اس کاواحد جواب ہے، اس لیے ہر شہری کو اس یاترامیں شامل ہونے کی اشد ضرورت ہے۔
یہاں ایک بڑے جلسہ عام میں 3500 کلومیٹر طویل ‘بھارت جوڑو یاترا’ کا آغاز کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر سخت حملہ آور ہوتے ہوئے کہا کہ ان کی پالیسیاں ملک کو توڑنے والی ہیں اور اسی وجہ سے ملک آج ایک سنگین بحران میں پھنس گیا ہے، اس لیے اسے مضبوط بنانے کے مقصد سے ‘بھارت جوڑو یاترا‘ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی وجہ سے آج پھر سے انگریزوں کے دور کی صورت حال پیداہوگئی ہے۔ برطانوی دور میں ایسٹ انڈیا کمپنی نے جس طرح تقسیم کی پالیسی اپنا کر ملک کو غلام بنایا، اسی طرح بی جے پی آر ایس ایس کی پالیسیاں بھی کچھ صنعت کاروں کو ساتھ لے کر اسی اصول پر عمل کرتے ہوئے ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے لیے چیلنج بن گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں چند صنعت کاروں کو ملک کی بندرگاہیں، ہوائی اڈے، پاور اسٹیشن وغیرہ بیچے جا رہے ہیں اور یہ کام انتہائی منظم طریقے سے ہو رہا ہے۔ غریب کسانوں اور تاجروں پر ٹھیک طریقے سے حملہ کرکے انہیں کمزور کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ملک کے میڈیا پر ان صنعت کاروں کا قبضہ ہے اور وہ جوچاہتے ہیں وہی ٹی وی پر دکھاتے ہیں اور ملک کے سامنے جوبحران ہے دباؤ میں ملکی میڈیا اسے نظر انداز کرجاتاہے۔
ترنگے کو قوم کی آں، بان اورشان بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترنگے میں قوم کے ہر شہری، ہر ذات، مذہب، برادری کی روح بستی ہے، لیکن بی جے پی-آر ایس ایس نے قومی پرچم کو بھی اپنی ذاتی ملکیت سمجھ لیا ہے، اس لیے قومی اتحاد کی علامت ترنگا مشکل میں ہے۔ ہندوستان کے ادارے اس پرچم کو محفوظ رکھتے ہیں لیکن آر ایس ایس اور بی جے پی کی پالیسیاں اس کے لیے چیلنج بن رہی ہیں۔ سی بی آئی، ای ڈی، انکم ٹیکس جیسے آئینی اداروں کو عام لوگوں کی آواز اٹھانے والی اپوزیشن کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے لیکن انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ ہم ہندوستانی ہیں اور ہم ایسی کوششوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔
دوسری طرف، تمل ناڈو کے وزیر اعلی اور ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن نے بدھ کو کانگریس کے سینئر لیڈر اور وایناڈ کے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو قومی پرچم سونپا۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام تین ہزار 720 کلومیٹر طویل اور 150 دنوں تک جاری رہنے والے ‘بھارت جوڑو’ یاترا کا آغاز ہوا۔
اس موقع پر مسٹر اسٹالن کے ساتھ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت اور چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے مہاتما گاندھی منڈپم میں مشترکہ طور پر راہل کو قومی پرچم سونپا۔ اس کے بعد راہل نے ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔
مسٹر راہل گاندھی نے اپنی بھارت جوڑو یاترا شروع کرنے سے پہلے وویکانند اور سنت اور تمل شاعروں تھروولوور اور کامراج کی یادگاروں کا بھی دورہ کیا۔ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے تمل شاعر تھروولوور کے مجسمے اور سوامی وویکانند کی یادگار تک کشتی کے ذریعہ پہنچے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔