اگر وزیر اعظم مودی جھوٹے پائے جائیں تو انھیں کان پکڑ کر اٹھ بیٹھ کرنا چاہیے: ممتا بنرجی

مغربی بنگال، اپریل 14: اے این آئی کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے منگل کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو جھوٹا پائے جانے پر ’’کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک‘‘ کرنا چاہیے۔ ممتا بنرجی نے یہ تبصرہ مودی کے اس دعوے کے جواب میں کیا کہ انھوں نے متوا برادری کے لیے کچھ نہیں کیا ہے۔ بنرجی انتخابی مہم پر 24 گھنٹے کی پابندی ختم ہونے کے بعد باراسات میں ایک ریلی سے خطاب کر رہی تھیں۔

بنرجی نے کہا ’’نریندر مودی نے کہا ہے کہ ممتا دیدی نے متوا برادری کے لیے کچھ نہیں کیا۔ میں عوامی طور پر ان سے یہ چیلنج قبول کرنے کے لیے کہہ رہی ہوں۔ اگر میں نے ان کے لیے کچھ نہیں کیا ہے تو میں سیاست چھوڑ دوں گی اور اگر آپ جھوٹ بول رہے ہیں تو آپ کان پکڑ کر اٹھک بیٹھک کریں گے۔‘‘

معلوم ہو کہ متوا کمیونٹی بنگلہ دیش سے آئے ہندو مہاجرین پر مشتمل ہے۔ مغربی بنگال میں متوا برادری کے تقریباً 1.5 کروڑ ووٹر ہیں، جو اسمبلی کی کم از کم 30 نشستوں پر اثر ڈالتے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ، ترنمول کانگریس کی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن کو وزیر اعظم کو پولنگ کی تاریخوں پر مغربی بنگال کے دورے پر پابندی عائد کرنی چاہیے، انھوں نے مزید کہا کہ وہ بھی اپنی ریلیوں کو منسوخ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

مغربی بنگال انتخابات کے پانچویں مرحلے کے لیے انتخابی مہم بدھ کی شام کو ختم ہوگی۔