بنگلہ دیش: ڈھاکہ میں ایک عمارت میں دھماکے کے سبب 15 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

نئی دہلی، مارچ 7: منگل کو ڈھاکہ میں ایک عمارت میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پانچ منزلہ عمارت شہر کے گلستان کے علاقے میں ایک بھرے بازار میں واقع تھی۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق یہ دھماکہ بنگلہ دیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ایک بس اسٹاپ کے قریب مقامی وقت کے مطابق شام 4.45 بجے (بھارتی معیاری وقت کے مطابق شام 4.15 بجے) کے قریب ہوا۔

دھماکے کی وجہ سے ایک ملحقہ سات منزلہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔

فائر سروس کنٹرول روم کے ڈیوٹی آفیسر راشد بن خالد نے بتایا کہ فائر فائٹنگ کی گیارہ ٹیمیں جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں۔

پولیس انسپکٹر بچو میاں نے بتایا کہ بیس زخمیوں کو ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ سبھی ایمرجنسی یونٹ میں داخل کیے گئے ہیں۔

ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کمشنر خندکر غلام فاروق نے کہا ہے کہ ابتدائی نظر میں لگتا ہے کہ یہ دھماکہ ایک حادثہ ہے۔

انھوں نے کہا ’’بنیادی طور پر ہمیں لگتا ہے کہ یہ ایک حادثہ ہے۔ مختلف یونٹس یہ جاننے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ آیا یہ حاثہ ہی ہے یا تخریب کاری۔ اب تک موقع پر تخریب کاری کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔‘‘