اعظم گڑھ: گائے ذبح کے الزام میں پولیس نے دو نوجوان مسلم خواتین سمیت 5 افراد کو گرفتار کیا
نئی دہلی، مارچ 27: اعظم گڑھ ضلع کے مینہ نگر تحصیل کے گاؤں قترن میں 25 مارچ کی رات دو مسلم خواتین سمیت پانچ لوگوں کی گرفتاری سے ہنگامہ کا ماحول پیدا ہو گیا۔
ہفتہ کو گاؤں کے رہائشی شاہد اور سلمان سہراب سمیت دو خواتین کو مقامی پولیس نے گائے ذبح کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔
دونوں خواتین کی عمریں بالترتیب 17 اور 18 سال بتائی جاتی ہیں۔
پولیس نے ملزمان سے چار کوئنٹل تازہ گوشت اور کچھ سامان برآمد کیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد سے پورے گاؤں میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے اور مبینہ طور پر کچھ گاؤں والے گاؤں چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔
مسلم مِرر کی خبر کے مطابق ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم عشاء کی نماز کے بعد تراویح میں مصروف تھے کہ 15 پولیس اہلکاروں کی ٹیم نے چھاپہ مار کر موقع پر موجود لوگوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے خواتین کو بھی گرفتار کر لیا۔
اس معاملے میں متاثرہ خاندانوں نے این جی اوز اور سیاسی جماعتوں سے مدد کی درخواست کی ہے۔
یہ معاملہ بہت حساس بن گیا ہے کیوں کہ اس میں نوجوان مسلم خواتین کی گرفتاری بھی شامل ہے۔