ہندی کو سب پر مسلط کرنے کی کوشش تفرقہ انگیز ہے، ایم کے اسٹالن نے پارلیمانی پینل کی تجویز پر مودی کو خط لکھا

نئی دہلی، اکتوبر 16: تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ذرائع سے متعلق پارلیمانی پینل کی سفارشات پر اعتراض کیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم کا ذریعہ ہندی بولنے والی ریاستوں میں ہندی اور باقی ملک میں دیگر مقامی زبانوں میں ہونا چاہیے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی سربراہی والی کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ انگریزی کے استعمال کو اختیاری بنایا جائے۔

اسٹالن نے مودی کو خط میں کہا کہ ہندی کے علاوہ دیگر زبانیں بولنے والے شہریوں کی تعداد ہندی بولنے والوں سے زیادہ ہے۔

انھوں نے لکھا ’’مجھے یقین ہے کہ آپ اس بات کی تعریف کریں گے کہ ہر زبان اپنی انفرادیت اور لسانی ثقافت کے ساتھ اپنی خاصیت رکھتی ہے۔ ہندی کے نفاذ سے ہماری بھرپور اور منفرد زبانوں کو بچانے کے مقصد سے انگریزی کو لنک لینگوئج کے طور پر بنایا گیا ہے اور یہ مرکزی حکومت کی سرکاری زبانوں میں سے ایک ہے۔‘‘

اسٹالن نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو نے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ جب تک غیر ہندی بولنے والے شہری چاہیں گے انگریزی سرکاری زبان کے طور پر برقرار رہے گی۔

انھوں نے مزید کہا ’’بعد میں 1968 اور 1976 میں سرکاری زبان کے بارے میں منظور کردہ قراردادوں اور اس کے تحت وضع کردہ قواعد کے مطابق، مرکزی حکومت کی خدمات میں انگریزی اور ہندی دونوں کے استعمال کو یقینی بنایا گیا۔ یہی سرکاری زبان پر ہونے والی تمام بات چیت کا سنگ بنیاد رہنی چاہیے۔‘‘

ڈیم ایم کے سربراہ نے کہا کہ ہندی کو مسلط کرنے کی مرکز کی کوششیں ناقابل عمل اور تفرقہ انگیز ہیں۔ انھوں نے لکھا ’’یہ نہ صرف تمل ناڈو بلکہ کسی بھی ریاست کے لیے قابل قبول نہیں ہو گا جو اپنی مادری زبان کا احترام اور قدر کرتی ہے۔‘‘

اسٹالن نے مزید کہا کہ تمل سمیت تمام علاقائی زبانوں کے ساتھ ہندوستان میں یکساں سلوک کیا جانا چاہیے اور انہیں مرکزی حکومت کی سرکاری زبان کا درجہ دیا جانا چاہیے۔

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان آج دنیا میں کثیر لسانی جمہوریت کے لیے ایک روشن مثال کے طور پر جانا جاتا ہے، اپنی اب تک کی جانے والی جامع اور ہم آہنگ پالیسیوں کی وجہ سے۔

انھوں نے کہا ’’لیکن ’’ایک قوم‘‘ کے نام پر ہندی کو فروغ دینے کی مسلسل کوششیں مختلف زبانوں اور ثقافتوں کے لوگوں کے اندر بھائی چارے کے جذبات کو ختم کر دیں گی۔ یہ ہندوستان کی سالمیت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔‘‘

اسٹالن نے مزید کہا ’’میرا مشورہ ہے کہ مرکزی حکومت کا نقطہ نظر یہ ہونا چاہیے کہ سائنسی ترقی اور تکنیکی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام زبانوں بشمول تمل کو آٹھویں شیڈول میں سرکاری زبان کے طور پر شامل کیا جائے اور تمام زبانوں کو فروغ دیا جائے اور ترقی کی راہیں کھلی رکھیں۔ تمام زبانوں کے بولنے والوں کے لیے تعلیم اور ملازمت کی شرائط برابر ہیں۔‘‘

وزیر اعلیٰ کا مودی کو خط اس کے ایک دن بعد آیا ہے جب ان کے بیٹے ادے ندھی اسٹالن نے مرکز کو خبردار کیا تھا کہ اگر تمل ناڈو پر ہندی کو مسلط کیا گیا تو ڈی ایم کے دہلی میں اس کے خلاف احتجاج کرے گی۔