میں جی 20 کے ختم ہونے کا انتظار کر رہا تھا، جلد ہی کم عمری کی شادی کے معاملے میں 2000 سے زیادہ مردوں کو گرفتار کیا جائے گا: ہمنتا بسوا سرما
نئی دہلی، ستمبر 11: آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے اتوار کو کہا کہ ریاستی پولیس کم عمر بچیوں کی شادی کے خلاف اپنی مہم کے تحت اگلے 10 دنوں میں 2,000 سے 3,000 مزید مردوں کو گرفتار کرے گی۔
فروری سے لے کر اب تک آسام میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے کم عمری کی شادیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 5000 مردوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس 14 سال سے کم عمر کی لڑکیوں سے شادی کرنے والے مردوں کے خلاف بچوں کے تحفظ کے قانون کے تحت اور 14 سے 18 سال کی لڑکیوں سے شادی کرنے والوں کے خلاف بچوں کی شادی کی ممانعت کے قانون کے تحت مقدمات درج کر رہی ہے۔
بی جے پی خواتین ونگ کی قومی ایگزیکٹو کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شرما نے بچپن کی شادی کے خلاف مہم پر یہ بیان دیا۔
سرما نے کہا ’’میں جی 20 کے ختم ہونے کا انتظار کر رہا تھا۔ اب اگلے 10 دنوں میں میں 2,000-3,000 مردوں کو بچپن کی شادی کے الزام میں گرفتار کروں گا۔ کیوں کہ ہمیں اسے ختم کرنا ہے۔ ایک قانون بنایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ اور اگر ایسا ہوتا رہا تو ایک مخصوص گروہ کی بیٹیاں کبھی ترقی نہیں کر پائیں گی۔ وہ استحصال کا شکار ہوتی رہیں گی۔‘‘
سرما نے کانگریس پر یہ بھی الزام لگایا کہ وہ مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر دیکھتی ہے اور دعویٰ کیا کہ کانگریس کی حکومت سے زیادہ بی جے پی کی حکومت نے مسلمانوں کے لیے کیا ہے۔
سرما نے دعویٰ کیا ’’کچھ لوگ مانتے ہیں کہ ہم مسلم مخالف ہیں۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ تین طلاق، تعدد ازدواج اور بچوں کی شادی کو ختم کرکے، ہم نے مسلمانوں کے لیے کسی بھی کانگریس حکومت سے زیادہ کام کیا ہے۔‘‘
اس سال کے شروع میں کی گئی گرفتاریوں نے خواتین کے احتجاج کو جنم دیا تھا، جنھوں نے اپنے خاندان کے افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کی مخالفت کی تھی۔
جولائی میں سرما نے یہ بھی کہا تھا کہ ریاستی حکومت تعدد ازدواج پر پابندی لگانے کے لیے ایک قانون لائے گی۔