دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اور ستیندر جین نے ریاستی کابینہ سے استعفیٰ دیا

نئی دہلی، فروری 28: دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اور کابینہ میں ان کے ساتھی ستیندر جین نے منگل کو اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ان کے استعفے قبول کر لیے ہیں۔

سسودیا کا استعفیٰ سپریم کورٹ کی جانب سے اس درخواست پر غور کرنے سے انکار کرنے کے چند منٹ بعد سامنے آیا ہے، جو سسودیا نے مرکزی تفتیشی بیورو کے ذریعہ ان کی گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کیا تھا۔

سی بی آئی کے ذریعے آٹھ گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد اتوار کو عام آدمی پارٹی کے لیڈر کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پیر کو دہلی کی ایک عدالت نے انھیں 4 مارچ تک سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا۔

دریں اثنا ستیندر جین کو، جو پہلے کیجریوال کی قیادت والی کابینہ میں وزیر صحت تھے، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 30 مئی کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ تب سے وہ دہلی حکومت میں بغیر کسی قلمدان کے وزیر ہیں۔

سسودیا کو دہلی حکومت کی نئی ایکسائز پالیسی کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے، جو نومبر 2021 میں نافذ ہوئی تھی۔ اس کے تحت کھلی بولی کے ذریعے 849 شراب کی دکانوں کے لائسنس نجی فرموں کو جاری کیے گئے تھے۔ اس سے قبل چار سرکاری کارپوریشنز 475 شراب کی دکانیں چلاتی تھیں اور باقی 389 نجی دکانیں تھیں۔

تاہم عام آدمی پارٹی کی زیرقیادت حکومت نے 30 جولائی کو اس پالیسی کو اس وقت واپس لے لیا تھا جب دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونائی کمار سکسینہ نے پالیسی کی تشکیل اور نفاذ میں بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے سی بی آئی انکوائری کی سفارش کی تھی۔

سی بی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ سسودیا کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب انھوں نے ٹال مٹول سے جواب دیا اور کیس سے متعلق ثبوتوں کا سامنا کرنے کے باوجود تعاون نہیں کیا۔

جین کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ 2017 میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی طرف سے دائر غیر متناسب اثاثوں کے معاملے میں مبینہ منی لانڈرنگ کے زاویے پر غور کر رہا ہے۔ جین پر چار کمپنیوں کے ذریعے غیر قانونی لین دین کے لیے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے ایکٹ کی دفعات کے تحت الزام لگایا گیا ہے۔