عوام پر مہنگائی کی اور ایک مار ،گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں اضافہ

گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں 50 روپے کا اضافہ کیا گیا ہےجبکہ کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں 350 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے

نئی دہلی،یکم مارچ:۔
تمام ضروری اشیا کی بڑھتی قیمتوں اور روزگار کے مواقع میں کمی کے درمیان جہاں لوگ مہنگائی سے پہلے ہی پریشان ہیں وہیں مرکزی حکومت نے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں مزید اضافہ کر کے ان کو ایک اور دھچکا دیا ہے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو اور کمرشل دونوں طرح کے سلنڈروں کے داموں میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے۔ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں مہینے کے پہلے دن (یکم مارچ) ہی سے 50 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ ہولی کے تہوار سے قبل یہ عوام کے لئے بڑا دھچکا ہے۔

ایجنسی کے مطابق 14.2 کلو والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں 50 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ 19 کلو والے کمرشل سلنڈر کے داموں میں 350.50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ کے بعد 19 کلو کا کمرشل سلنڈر اب راجدھانی دہلی میں 2119.50 روپے میں دستیاب ہوگا۔ جبکہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر 1103 روپے کا ہو گیا ہے۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں کا اطلاق آج یعنی یکم مارچ سے ہو گیا ہے۔
چار اہم شہروں میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے دام: دہلی میں گھریلو ایل پی جی کی قیمت 1053 روپے سے بڑھ کر 1103 روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ ممبئی میں اس کی قیمت 1052.50 روپے سے بڑھ کر 1102.50 روپے، کولکاتا میں 1079 روپے سے بڑھ کر 1129 روپے اورر چنئی میں 1068.50 روپے سے بڑھ کر 118.50 روپے ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ گھریلو سلنڈر کے داموں میں 8 ماہ بعد اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل گھریلو سلنڈر کے داموں میں یکم جولائی کو اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے کمرشل گیس سلنڈر کے داموں میں کئی مرتبہ اضافہ ہوا، تاہم گھریلوگیس کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔