دھنتیرس سمیت دو دنوں میں ملک میں 40 ہزار کروڑ کے کاروبار کا امکان
ملک میں دیوالی کی دھوم مچی ہوئی ہے اور اس سے قبل تقریباً 40 ہزار کروڑ روپے کا خوردہ کاروبار ہونے کا اندازہ ہے، جس میں ہفتہ کو 15 ہزارکروڑ روپے اوراتوار کو 25 ہزارکروڑ روپے کا کاروبار ہوسکتا ہے۔
نئی دہلی: ملک میں دھنتیرس کے موقع پردو دنوں میں تقریباً 40 ہزار کروڑ روپے کا خوردہ کاروبار ہونے کا اندازہ ہے، جس میں ہفتہ کو 15 ہزارکروڑ روپے اوراتوار کو 25 ہزارکروڑ روپے کا کاروبارہوسکتا ہے۔
کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (سی اے آئی ٹی) کے قومی صدر بی سی بھارتیہ اور قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے کہا کہ دھنتیرس کے دن نئی اشیاء کی خریداری کو مبارک سمجھا جاتا ہے، جس میں اس دن سونے اور چاندی کے زیورات اور دیگر اشیاء جیسے گاڑیاں، انجینئرنگ کا سامان اور فرنیچر کی شدید مانگ رہتی ہے۔
آل انڈیا جیولرس اینڈ گولڈ اسمتھ فیڈریشن کے قومی صدر پنکج اروڑہ نے کہا کہ ملک بھر کے زیورات کے تاجروں میں دھنتیرس کی فروخت کو لے کر زبردست جوش و خروش ہے، جس کے لیے زیورات کے تاجروں نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سال بازاروں میں مصنوعی زیورات کی بھی کافی مانگ نظر آرہی ہے، وہیں سونے اور چاندی کے سکے، نوٹ اور مورتیاں بھی دھنتیرس پر بڑی مقدار میں خریدے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو اس بار کاروبار اچھا رہے گا اور لوگوں میں خریداری کا رجحان بڑھنے سے کاروبار کے مزید اچھے ہونے کی توقع ہے۔