بس – ٹرک میں زبردست تصادم، 15 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع کے سوہاگی تھانہ علاقے میں بس اور ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر کی وجہ سے پیش آئے سڑک حادثے میں 15 مسافروں کی موت ہو گئی جبکہ تقریباً 40 افرادزخمی ہو گئے۔

نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع کے سوہاگی تھانہ علاقے میں بس اور ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر کی وجہ سے پیش آئے سڑک حادثے میں 15 مسافروں کی موت ہو گئی جبکہ تقریباً 40 افرادزخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد اترپردیش کے پریاگ راج کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ریوا سے پریاگ راج جا رہی بس کل دیر رات سوہاگی پہاڑ پر پیچھے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ بس قریب ہی کھڑی ایک اور گاڑی سے بھی ٹکرا گئی۔ اس کی وجہ سے 14 مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور دوسرے کی ریوا جاتے ہوئے موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی اس حادثے میں 40 سے زیادہ مسافر زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ریوا کے سنجے گاندھی میموریل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بس جبل پور سے ریوا کے راستے اتر پردیش کے پریاگ راج جا رہی تھی، جس میں حیدرآباد سے مزدوری کرکے دیوالی کے تہوار کی وجہ سے اپنے گھروں کو واپس جانے والے مزدور سوار تھے۔ مرنے والوں میں تمام مرد بتائے جاتے ہیں جن کی شناخت کی جا رہی ہے۔ سبھی پریاگ راج علاقے کے رہنے والے بتائے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نریندر مودی نے اس حادثہ میں مرنے والے ہر فرد کے اہل خانہ کو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی نگرانی میں مقامی انتظامیہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔

وزیر اعظم کے دفتر نے ٹوئٹ کیا، ’’مدھیہ پردیش کے ریوا میں نیشنل ہائی وے پر ہوا حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ اس میں جنہوں نے اپنوں کو کھویا ہے، ان کے تئیں  میں تعزیت  کا اظہار کرتا ہوں۔ اس کے ساتھ ہی تمام زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ ریاستی حکومت کی نگرانی میں مقامی انتظامیہ متاثرین کی ہر ممکن مدد میں لگی ہوئی ہے۔‘‘

دریں اثنا، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے اس دردناک حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے انہوں نے ریوا ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ سب کا بہتر سے بہتر علاج کریں۔ حادثے کے بعد مسٹر چوہان اور اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ فون پر بات چیت بھی کی۔

لوک سبھا اسپیکر اوم برلا  نے بھی سڑک حادثہ میں مرنے والے لوگوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  اس حادثے میں کئی لوگوں کی بے وقت موت انتہائی افسوسناک ہے۔ ایشور مرنے والوں  کی روح کو سکون عطا کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے میری گہری تعزیت ہے اور میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔