ایمنسٹی انڈیا نے حکام پر زور دیا کہ وہ مدھیہ پردیش کے کھرگون میں گھروں اور دکانوں کو مسمار کرنے کی مہم روکیں
نئی دہلی، اپریل 14: انسانی حقوق کے نگراں ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے جمعرات کو حکام سے مدھیہ پردیش کے کھرگون شہر میں مسلمانوں کے مکانات اور دکانوں کی مسماری کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس ہفتے کے شروع میں کھرگون میں مسمار کرنے کی مہم چلائی گئی تھی، اس کے ایک دن بعد جب شہر میں ہندو تہوار رام نومی کے موقع پر جلوس کے دوران تشدد پھوٹ پڑا تھا۔
اس کے بعد مسلمانوں کے گھر اور دکانیں مسمار کر دی گئیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ جو گھر مسمار کیے گئے وہ ان لوگوں کے تھے جنھوں نے جلوس پر پتھراؤ کیا تھا۔
تاہم کھرگون کے کلکٹر انوگرہ پی نے دی اسکرول کو بتایا تھا کہ مسمار کرنے کا عمل ریاستی حکومت کی انسداد تجاوزات مہم کا حصہ ہے۔
جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے چیئرمین آکار پٹیل نے کہا کہ مبینہ طور پر مناسب عمل کے بغیر فسادات کے مشتبہ لوگوں کی نجی املاک کو مسمار کرنا ’’قانون کی حکمرانی کے لیے ایک بڑا دھچکا‘‘ ہے۔
پٹیل نے کہا ’’مسمار کی گئی جائیدادوں کے مالکان میں اکثریت مسلمانوں کی ہے۔ مشتبہ افراد کے خاندانی گھروں کو اس طرح کی تعزیری طور پر مسمار کرنا بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی خلاف ورزی میں اجتماعی سزا کے مترادف بھی ہو سکتا ہے۔‘‘
پٹیل نے حکام پر زور دیا کہ وہ انہدام کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ’’تشدد کو ہوا دینے کے ذمہ دار‘‘ کو منصفانہ ٹرائل کے ذریعے سزا دی جائے۔
انھوں نے کہا کہ متاثرین کو موثر علاج فراہم کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا ’’یہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں موجود تمام لوگوں کو تحفظ فراہم کرے، بشمول اقلیتی برادری کے افراد کے۔‘‘
12 مارچ کو مدھیہ پردیش حکومت نے کھرگون میں رام نومی کی تقریبات کے دوران فرقہ وارانہ تشدد میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے دو رکنی کلیمز ٹریبونل قائم کیا تھا۔ تشدد میں کھرگون کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھارتھ چودھری سمیت کم از کم 24 افراد زخمی ہوئے۔ جھڑپوں کے دوران دس مکانات کو بھی جلا دیا گیا۔